کورونا وائرس، عالمی تھرو بال فیڈریشن نے اپنی تمام کھیلوں کی سرگرمیاں روکنے کا اعلان کر دیا، سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں

منگل 31 مارچ 2020 15:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) عالمی تھرو بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر عالمی تھرو بال فیڈریشن نے اپنی تمام کھیلوں کی سرگرمیاں روکنے کا اعلان کر دیا ہے، گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے باعث عالمی تھرو بال فیڈریشن نے تمام منسلک رکن ممالک کو اپنی اپنی قومی اور بین الاقوامی تھروبال کی سرگرمیاں معطل کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھی تمام کھیلوں کی سرگرمیاں کو منعقد کروانے پر پابندی لگا دی ہے اور ٹوکیو اولمپک گیمز کو بھی ایک سال کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔

مقبول آرائیں نے کہا کہ رواں سال تھرو بال کے بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والے چھ پروگرام تھے جن میں انٹرنیشنل تھرو بال چیمپئن شپ 16 سے 18 اپریل تک لندن، برطانیہ میں کھیلی جانی تھی جبکہ عالمی تھرو بال فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس 15 اپریل کو انگلینڈ میں ہونا تھا اور اسی طرح پہلی سا?تھ ایشین تھرو بال چیمپئن شپ 16 سے 18 مئی تک نیپال میں، انٹرنیشنل تھروبال چیمپئن شپ 26 سے 30 جون تک باکو آزربائجان میں منعقد ہونی تھی، دو روزہ انٹرنیشنل تھرو بال سیمینار 15 سے 16 اگست کو ملائیشیا میں نہیں ہوگا اور ایشین تھروبال چیمپئن شپ 26 سے 28 دسمبر تک کوالالمپور ملائیشیا میں کھیلی جانی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب ان پروگراموں کے حوالے سے نئے شیڈول کا اعلان دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبائ پر قابو پانے کے بعد حالات ساز گار ہونے پر ہی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھرو بال کی سرگرمیوں کو پہلے ہی معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام اور کھلاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کیلئے احتتاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے آس پاس خیال رکھیں اور مستحق افراد کو خوراک کا سامان تقسیم کریں کیونکہ خدمت خلق بھی عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔
وقت اشاعت : 31/03/2020 - 15:45:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :