علیم ڈار تھیلیسمیا کے مریضوں کی جانیں بچانے کیلئے متحرک

کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں لاک ڈاون سے تھیلیسمیا کے مریض متاثر ہورہے ہیں،نوجوان تھیلیسمیا کے مریضوں کیلئے خون کا عطیہ لازمی دیں: عالمی شہرت یافتہ امپائر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 اپریل 2020 15:18

علیم ڈار تھیلیسمیا کے مریضوں کی جانیں بچانے کیلئے متحرک
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2اپریل 2020ء ) آئی سی سی ایلیٹ امپائر علیم ڈار تھیلیسمیا کے مریضوں کی جانیں بچانے کیلئے متحرک ہوگئے، طلباء سے مریضوں کیلئے خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دینے کی اپیل کردی ۔ علیم ڈار نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں لاک ڈاون کی وجہ سے تھیلیسمیا کے مرض متاثر ہورہے ہیں،خون کے عطیات میں کمی سے مریضوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں جس کے پیش نظر گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے نوجوانوں سے درخواست ہے کہ تھیلیسمیا کے مریضوں کیلئے خون کا عطیہ لازمی دیں ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کرونا وائرس کے پھیلائو کے سبب تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کوپیش آنے والے مسائل دنیا کے سامنے رکھے تھے - سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’’کرونا کے پھیلاوۤ سے تھیلسمیا کے بچوں پر سب سے زیادہ اثر ہوا ہے، 28ہزار یونٹ روازنہ سے 3ہزار یونٹ روزانہ کی کلیشن پر آگئی ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، اقوام متحدہ،ڈاکٹر ظفر مرزا اور وزیر اعظم عمران خان سےدرخواست ہے کہ عوام میں اس بات کی آگاہی پیدا کی جائے کہ کس طرح احتیاط کے ساتھ ان بچوں کا آنے والا کل محفوظ بنایا جا سکے‘‘- دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کرکے ہزاروں کیلئے جان لیوا ثابت ہونے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد 2 ہزار 286 تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 32 افراد بھی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 845 تک پہنچ چکی ہے، اسکے بعد سندھ کا نمبر ہے اور وہاں 743 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 276 افراد وائرس سے متاثر ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 164 ہے، مزید یہ کہ گلگت بلتستان میں بھی 187 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 62 ہے جبکہ آزاد جموں کشمیر میں 9 افراد میں اس عالمی وبا کی تشخیص ہوئی۔

اس وائرس سے گزشتہ روز بھی 5 اموات ریکارڈ کی گئیں جسکے بعد ملک میں مجموعی اموات 31 تک پہنچی تھی تاہم آج سندھ میں ایک اور موت کی تصدیق کردی گئی۔ان 32 افراد میں پنجاب سے11، سندھ سے10، خیبرپختونخوا سے8، گلگت بلتستان سے2 اور بلوچستان سے ایک مریض کا انتقال ہوا۔تاہم جہاں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں صحتیاب ہونے والی مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور اب تک 107 افراد اس وائرس سے جنگ جیت چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 02/04/2020 - 15:18:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :