ڈیل سٹین کا سامنا کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی: بابراعظم

پیسر کا باولنگ ایکشن صاف ہے اور گیند کی سوئنگ جانچنے میں اسانی رہتی تھی: قومی بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 اپریل 2020 16:17

ڈیل سٹین کا سامنا کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی: بابراعظم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اپریل 2020ء ) کورونا لاک ڈاون میں ایک جانب کرکٹرز ایک دوسرے کو پش اپس کا چیلنج دے رہے ہیں دوسری جانب سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں میں نوک جھونک اور پرانی یادوں کو دہرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعرات کو اظہر علی اور بابر اعظم سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں کے سامنے پرانی یادوں کو شیئر کرتے رہے اس موقع پر بابر اعظم نے ایجبسٹن بر منگھم میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری کو خصوصی تذکرہ کیا۔

بابراعظم نے ورلڈکپ 2019ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف ناقابل شکست سنچری کو کیریئر کی بہترین اور یادگار اننگز قرار دیا، انہوں نے کہا کہ گیند بہت زیادہ سپن ہو رہی تھی، حفیظ بھائی نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کی طرح کھیلو، یہی کوشش کی اور کامیاب رہا۔ پاکستانی ٹی 20 کپتان نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے کا یہ مطلب نہیں کہ ٹیمیں تبدیل کرتے رہیں، پاکستان سپر لیگ میں شروع سے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتا رہا ہوں، اسی کے ساتھ وابستہ رہوں گا۔

(جاری ہے)

بابر اعظم نے اپنے کیریئر کے مشکل ترین بائولرز کے بارے میں بتایا کہ ہر ٹیم کے پاس ایسے باولر ہوتے ہیں جو 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی گیند بازی کرتے ہیں اور تجربہ کار ہوتے ہیں۔ جوش ہیزل ووڈ ، مچل سٹارک ، پیٹ کمنز ، اور ٹرینٹ بولٹ جیسے بولر ہمیشہ آپ کو مشکل وقت دیتے ہیں لیکن مجھے ڈیل سٹین کا سامنا کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی کیوں کہ ان کا باولنگ ایکشن صاف ہے اور گیند کی سوئنگ جانچنے میں آسانی رہتی تھی ۔
وقت اشاعت : 03/04/2020 - 16:17:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :