پی سی بی رمضان میں کرکٹ کے لیے این او سی جاری نہیں کرے گا

ہفتہ 4 اپریل 2020 20:57

پی سی بی رمضان میں کرکٹ کے لیے این او سی جاری نہیں کرے گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وبا ء کے پیش نظر رمضان میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔چند منتظمین نے رمضان کرکٹ کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے وضاحت طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا۔پی سی بی کے مطابق فی الوقت تمام تر کرکٹ سرگرمیوں کو معطل رکھا گیا ہے لہٰذاجب تک حالات معمول پر نہیں آتے پی سی بی رمضان کرکٹ کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔

یہ ایک مشکل صورتحال ہے جہاں دنیا بھر میں معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور اس وقت تمام تر توجہ صرف لوگوں کی صحت اور حفاظت پر مرکوز ہے۔ پی سی بی منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست کرتا ہے کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اجتماعی سرگرمی سے دور رہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے۔ملازمین کے علاوہ تقریبا 220پیشہ ور کرکٹرز پی سی بی کے پے رول پر ہیں۔پی سی بی اس عمل کو یقینی بنائے گا کہ تمام کھلاڑیوں کو کم از کم مالی سال برائے 2019-20 کے اختتام تک ان کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔علاوہ ازیں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ماہوار تنخواہ میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔اس دوران پی سی بی ملک میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے اور جب مناسب ہوگاتو اپنی پالیسی میں ترمیم کرے گا۔
وقت اشاعت : 04/04/2020 - 20:57:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :