ملک کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے سخت حالات سے گزر رہا ہے،شاہدآفریدی

پختہ عزم اور احتیاطی تدابیر اپنا کر ہم سب مل کر اس وباء پر قابو پاسکتے ہیں،،،کرکٹ اسٹار

منگل 7 اپریل 2020 20:45

ملک کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے سخت حالات سے گزر رہا ہے،شاہدآفریدی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورکرکٹ اسٹار شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ملک کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے سخت حالات سے گزر رہا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر میں عوامی تعاون سے اس وبائ پر جلد قابو پایا جاسکتا ہے۔ شاہد خان آفریدی نے ان خیالات کا اظہار شموزئی سوات میں وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی سے ان کے حجرے میں ملاقات کے دوران کیا۔

صوبائی وزیر سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کرونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پختہ عزم اور احتیاطی تدابیر اپنا کر ہم سب مل کر اس وباء پر قابو پاسکتے ہیں۔ انہوں نے سوات میں کرونا وائرس سے بچاو کے حوالے سے آگاہی پھیلانے اور لوگوں میں امدادی اشیاء تقسیم کرنے پر صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے شہریوں سے کرونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ احتیاط سے اس مرض کے پھیلاو کو روکا جاسکتا ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی فاونڈیشن وباء کے باعث متاثرہ افراد کی خدمت میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کام کررہی ہے اور مزدور کار طبقہ کے گھروں تک راشن پہنچایا جارہا ہے اور امدادی کاروائیوں کا یہ سلسلہ صوبہ بھر میں جاری ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد علی نے مشکل کی اس گھڑی میں عوام خدمت پر شاہد خان آفریدی کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں یادگاری سونیئر بھی تحفے میں پیش کیا۔
وقت اشاعت : 07/04/2020 - 20:45:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :