آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق ہونیکا امکان

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں سال 18اکتوبر سے 15 نومبر کے درمیان آسٹریلیا میں کھیلا جائیگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 اپریل 2020 12:48

آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق ہونیکا امکان
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اپریل 2020ء ) کرونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں کے باوجود منتظمین رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پروگرام کے مطابق کرانے کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومت اور آئی سی سی کی اجازت ملنےکی صورت میں آسٹریلیا آنیوالے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ اور2 ہفتے قرنطینہ سینٹر میں گزارنے کے آپشن بھی زیر غور ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کورونا وائرس وبا کی صورتحال میں ٹورنامنٹ کیلئے مختلف تجاویز پر غور کررہی ہے۔ جس میں حفظان صحت کے خطرات کو کم سے کم کرکے میچز کرانے پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ مجوزہ حکمت عملی پر مزید کام کرنے سے پہلے آسٹریلوی حکومت کی اجازت بھی ضروری ہوگی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اس سال 18اکتوبر سے 15 نومبر کے درمیان آسٹریلیا میں کھیلا جائیگا۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ کے دوران 500 سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز آسٹریلیا میں قیام کریں گے۔ دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ورلڈکپ ٹی ٹونٹی کی لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے لیے اس ایونٹ کو کرانا ایک بہت بڑا امتحان بن چکا ہے۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 75 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ سے بھی زائد ہے۔

عالمی ادارہ صحت اور متعدد عالمی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کورونا وائرس کے عالمی آن لائن میپ کے مطابق 7 اپریل کی شام تک کورونا وائرس سے 75 ہزار 973 ہلاکتیں ہوچکی تھیں جبکہ وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار رہی۔جہاں دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، وہاں دنیا بھر میں اس سے ہلاکتیں بھی جاری ہیں اور 6 اپریل تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 72 ہزار 638 سے زائد ہو چکی تھی۔
وقت اشاعت : 08/04/2020 - 12:48:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :