پی سی بی مستحق کرکٹرزکی مالی امداد کے لیے فنڈ قائم کرے۔ سید منیر علی قادری

پی سی بی ’’ کرکٹرز ویلفیئر فنڈ ‘‘میں 10کروڑ روپے جبکہ پی ایس ایل کی فرنچائز ٹیمیں ایک کروڑ فی کس عطیہ دیں

بدھ 8 اپریل 2020 21:53

پی سی بی مستحق کرکٹرزکی مالی امداد کے لیے فنڈ قائم کرے۔ سید منیر علی قادری
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (کے سی سی ای) زون ون ڈسٹرکٹ کے سابق سیکریٹری اور کھیلوں کی معروف شخصیت سید منیر علی قادری نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپیل کی ہے کہ ان کرکٹرز کے لیے امدادی پیکچ اور تین ماہ کا امدادی فنڈ قائم کیاجائے جو پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں ہیں یا جو کرکٹرز ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بندش کے باعث بے روزگا ہیں۔

بدھ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے فنڈز جمع کرنے کے لئے پی سی بی کو تجویز دی ہے کہ پی سی بی کے وہ ملازمین جن کی تنخواہ 50ہزار روپے ماہانہ سے زیادہ ہے ان سے 20فیصد اور جن کی ایک لاکھ روپے یا اس سے زائد ہے ان سے 30فی صد کٹوتی کی جائے ، اس کے علاوہ پی سی بی اپنے بجٹ سے’’ کرکٹرز ویلفیئر فنڈ ‘‘میں 10کروڑ روپے اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چھ فرنچائز ٹیمیں ایک کروڑ روپے فی کس اس فنڈ میں عطیہ دیں ، اس طرح ایک خطیر رقم فنڈ میں جمع ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس فنڈ میں سے مستحق فرسٹ کلاس کرکٹرز کو ایک لاکھ روپے فی کس ، گریڈ ٹو کو 70ہزار روپے ، انڈر 19کرکٹرز کو 50ہزار روپے فی کس دیاجائے، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ انڈر 19، انڈر 23کرکٹرز کو 25ہزار روپے ماہانہ اداکیاجائے ۔ سید منیر علی قادری نے کہا کہ اس طرح مستحق کرکٹرز کی امداد بھی ہوجائے گی اور رمضان المبارک اور عید الفطر کے اخراجات کے حوالے سے ان کو آسانی ہوجائے گی۔
وقت اشاعت : 08/04/2020 - 21:53:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :