عوام احتتاطی تدبیر پر عمل کرکے کورونا وائرس سے نجات حاصل کرسکتی ہے، قمر زمان

جمعرات 9 اپریل 2020 12:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے کہا ہے کہ عوام احتتاطی تدبیر پر عمل کرکے کورونا وائرس سے نجات حاصل کرسکتی ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا وائرس ایک خطرناک وائرس ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور کورونا وائرس کی وباء سے نجات حاصل کرنے کے لئے حکومتی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے، عوام اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں تاکہ کورونا وائرس سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہی پوری قوم کے لئے فائدہ مند ہوگا۔ قمر زمان نے کہا کہ اگر انسان ہوگا تو دنیا بھی ہوگی، ہمیں اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنا ہوگی، پانچ وقت نماز ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بار بار ہاتھ دھونے کے باعث انسان پر کورونا وائرس حملہ آور نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ اگر عوام کا تعاون رہا تو امید ہے کہ حکومت جلد کورونا وائرس پر قابو پا لے گی۔

انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ افواج پاکستان، پاکستان پولیس اور دیگر لاء اینڈ فورسز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی خدمات پر سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے ڈاکٹرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ آخر پر انہوں نے مزید کہا کہ سکواش کے کھلاڑی اپنی تربیت کو جاری رکھتے ہوئے اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر بھی توجہ دیں۔
وقت اشاعت : 09/04/2020 - 12:42:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :