ایشیاء کپ کا انعقاد مشکل نظر آرہاہے :پی سی بی

پوری دنیا میں اسی طرح کے حالات ہیں،کوئی نہیں جانتا کہ ستمبر میں حالات کیسے ہوںگے:چیئرمین پی سی بی احسان مانی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 اپریل 2020 13:48

ایشیاء کپ کا انعقاد مشکل نظر آرہاہے :پی سی بی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اپریل 2020ء ) چیئرمین پی سی بی احسانی مانی کا کہنا ہے کہ ایشیاء کپ کے بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ستمبر میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹ پر خدشات کے بادل مزید گہرے ہونے لگے۔ اہک بھارتی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ کے بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، غیر یقینی صورتحال ہے، پوری دنیا میں اسی طرح کے حالات ہیں اور کوئی نہیں جانتا کہ ستمبر میں حالات کیسے ہوں گے، فی الحال کچھ بھی کہا جاسکتا، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ایک ماہ میں حالات میں بہتری آنے لگے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ رواں سال پاکستان کی میزبانی میں ہونا ہے، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد وینیو کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں کیا جانا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تمام امور تعطل کا شکار ہوگئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور یہ تعداد 4600 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 67 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک میں اس وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم اس کے باوجود دنیا بھر کی طرح یہاں بھی اس کا پھیلاؤ جاری ہے۔ 26 فروری کو پاکستان میں پہلے کیس سے لے کر آج 45 دن گزرنے تک کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا تاہم اپریل کے مہینے میں یہ اضافہ دوگنا ہوگیا ہے۔ 31 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد 2007 تک تھی جو آج (10 اپریل) تک بڑھ کر 4601 تک پہنچ گئی ہے۔
وقت اشاعت : 10/04/2020 - 13:48:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :