آن لائن ٹیسٹ، بورڈکی ضد کھلاڑیوں پر بھاری پڑنے لگی

صہیب مقصود آن لائن ٹیسٹ کے دوران زخمی،یہ صرف ایک حادثہ تھا، زخم گہرا آیا ، ڈاکٹرز کو تصاویر بھجوائی ہیں: کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 19 اپریل 2020 12:50

آن لائن ٹیسٹ، بورڈکی ضد کھلاڑیوں پر بھاری پڑنے لگی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود کو انجری کے باوجود آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے عمل سے گزرنے کی مجبوری کا سامنا کرنا پڑا اور اسی دوران گھٹنے کی انجری کے باعث مختلف قسم کی ورزشوں کے نتیجے میں ان کا زخم مزید گہرا ہو گیا جس سے خون رسنے لگا۔سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ریجنل کوچز نے پلیئرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ لینے شروع کردیئے ہیں اور انجری سے دوچار پلیئر صہیب مقصود سخت ٹیسٹ کے دوران مزید مشکلات سے دوچار ہو گئے ۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر اسی انداز سے کرکٹرز کی انجریز میں اضافہ ہوتا رہا تو کوئی بھی فٹ کھلاڑی باقی نہیں بچے گا۔سوشل میڈیا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صہیب مقصود اپنے گھر سے آن لائن فٹنس ٹیسٹ دے رہے تھے اور اسی دوران شیشے کی میز زور پڑنے سے ٹوٹ گئی اور ان کے دائیں گھٹنے پر گہرا زخم آیا جس پر ٹانکوں کی ضرورت تھی لیکن انہوں نے گھٹنے سے خون بہنے کے دوران دو مزید ٹیسٹ دیئے ۔

(جاری ہے)

پی سی بی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جب ٹرینر کو انجری کا علم ہوا تو انہوں نے صہیب مقصود کو روک دیا تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے زخم کی گہرائی اور شدت کو دیکھتے ہوئے گھٹنے کی تصاویر ڈاکٹرز کو بھیجیں کیونکہ سب ہی موجودہ حالات میں ہسپتال جانے سے خوفزدہ ہیں لیکن یہ محض ایک حادثہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ آئسولیشن کے عرصے میں پی سی بی کی فٹنس پالیسی سے متفق ہیں اور خوش بھی کہ انہوں نے تمام ٹیسٹ مکمل کر لئے ہیں۔
وقت اشاعت : 19/04/2020 - 12:50:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :