اطالوی سائیکلسٹ نے دوائیں پہنچانے کا مشن شروع کردیا

پروفیشنل سائیکلسٹ روزانہ بزرگ افراد کو دوائیں پہنچارہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 20 اپریل 2020 13:08

اطالوی سائیکلسٹ نے دوائیں پہنچانے کا مشن شروع کردیا
روم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20اپریل 2020ء ) اٹلی میں اس وقت کورونا وبا نے ہولناک تباہی پھیلادی ہے اور بزرگوں کو دوا منگوانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اب اس تناظر میں اٹلی کے پروفیشنل سائیکلسٹ ڈیوڈ مارٹینیلی نے بوڑھے مریضوں کو گھر گھر دوا پہنچانے کا کام شروع کردیا ہے۔ ڈیوڈ نے اپنے شہر لوڈیٹو میں یہ کام شروع کیا ہے۔ اس گاؤں نما شہر میں نہ ہی کوئی بڑی فارمیسی ہے اور نہ ہی کوئی دوا کی دکان ہے۔

اس لیے وہ روزانہ اپنی سائیکل پر دوسرے شہر روواٹو جاتے ہیں اور وہاں سے دوائیں خرید کر لوگوں تک پہنچاتے ہیں۔ ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس تیزرفتار بائیسیکل اور مضبوط پیر ہیں، اس لیے 10 کلومیٹر جانا ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔ وہ ان لوگوں کی مدد کررہے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی ہے اور اب ان کے پاس کچھ لوٹانے کا وقت آگیا ہے۔

(جاری ہے)

فیس بک پر انہوں نے ایک گروپ بنایا ہے جہاں لوگ اپنی ضروریات کی اشیا اور ادویہ فون، یا میسج کی صورت میں لکھواتے ہیں۔ وہ رات کو اس کی منصوبہ بندی اور نقشہ سازی کرتے ہیں اوراگلی صبح دوا پہنچانے نکل پڑتے ہیں۔ اس دوران وہ طبی ماسک اور دستانے استعمال کرتے ہیں۔ گاؤں لوڈیٹو کی آبادی 1500 سے زائد نہیں لیکن یہاں بڑی تعداد میں عمررسیدہ لوگ رہتے ہیں جو کورونا وبا کے علاوہ بھی اپنے گھر سے دور نہیں جاسکتے۔ اسی لیے ان افراد کو دوائیں پہنچانا بہت ضروری ہے۔ اس وقت ڈیوڈ کی عمر 26 برس ہے اور وہ 2016ء میں دو ریسز کے ابتدائی مراحل جیت چکے ہیں لیکن اب انہوں نے اٹلی کی عوام کے دل بھی جیت لیے ہیں۔
وقت اشاعت : 20/04/2020 - 13:08:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :