کس بات پر غصے میں آ کرایک اوور میں 6 چھکے مار دیے؟ یوراج سنگھ نے بتادیا

اینڈریو فلنٹوف نے کہا میں تمھارا گلا کاٹ دوںگا،غصے میں آ کر سٹورٹ براڈ کے اوور میں لگاتار 6 چھکے داغ دیے: سابق بھارتی بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 اپریل 2020 13:10

کس بات پر غصے میں آ کرایک اوور میں 6 چھکے مار دیے؟ یوراج سنگھ نے بتادیا
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22اپریل 2020ء ) یوراج سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ 2007ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں میچ کے دوران برطانوی کھلاڑی اینڈریو فلنٹوف نے انہیں کہا کہ میں تمھارا گلا کاٹ دوں گا جس پر غصے میں آ کر انہوں نے اگلے بالر کے ایک اوور میں لگاتار 6 چھکے داغ دیے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایمانداری کی بات ہے کہ میرے ذہن میں اتنے چھکے مارنے کا خیال نہیں تھا لیکن فلنٹوف کیساتھ توتکار نے مجھے مشتعل کردیا۔

یوراج نے مزید بتایا کہ میں نے فلنٹوف کو اچھی گیندوں پر 2 چوکے مارے، یہ بات اسے پسند نہیں آئی اور جب میں وکٹ کے دوسرے سرے پر جا رہا تھا تو اس نے مجھے کہا کہ یہ مضحکہ خیز شاٹس تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے اس سے پوچھا کہ اس نے کیا کہا ہے اور پھر آپس میں توتکار ہو گئی، فلنٹوف نے کہا کہ میں تمہارا گلا کاٹ دوں گا تو میں نے جواب دیا کہ آپ یہ بیٹ میرے ہاتھ میں دیکھ رہے ہیں، آپ جانتے ہو کہ میں اس بلے سے آپ کو کس جگہ ماروں گا؟ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر امپائر نے مداخلت کر کے روکا لیکن میں بہت طیش میں آ گیا تھا اور میں نے فیصلہ کیا تھا کہ مجھے اب ہر گیند باؤنڈری سے باہر پھینکنی ہے اور خوش قسمتی سے یہ میرا دن تھا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد سٹوارٹ براڈ کا اوور تھا جس میں پہلی بال پر یوراج نے ڈیپ مڈ وکٹ پر چھکا مارا، اگلی گیند ڈیپ سکوائر لیگ، تیسری وائیڈ لانگ آف، چوتھی ڈیپ بیک ورڈ پوائنٹ، پانچویں ڈیپ سکوائر لیگ اور آخری بال کو ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر سے باؤنڈری کے پار پہنچا کر 6 چھکے پورے کیے۔ یوراج کے چھ چھکوں اور بالآخر 16 گیندوں پر 58 رنز کی بدولت ہندوستان نے 4وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز سکور کیےاور انگلینڈ کو 18 رنز سے شکست دی۔

یوراج سنگھ 2007ء میں جنوبی افریقہ میں افتتاحی ورلڈ ٹی ٹونٹی جیتنے والے ہندوستان کے سرفہرست کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ اس ورلڈ کپ سے قبل یوراج کو انگلینڈ کے خلاف دیمتری ماسکریناس کے ہاتھوں ون ڈے میچ میں لگاتار پانچ چھکوں کھانےپڑے تھے لیکن انہوں نے بتایا کہ سٹوارٹ براڈ کو چھ چھکے مارنے کے پیچھے یہ وجہ نہیں تھی۔ در حقیقت یہ انگلش آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف کے ساتھ تنازعہ تھا جس نے ورلڈ کپ کے سابق فاتح کو یہ کارنامہ سرانجام دینے پر اکسایا۔
وقت اشاعت : 22/04/2020 - 13:10:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :