رومان رئیس کےبعد اظہرعلی کا بھی شرٹ اوربیٹ نیلام کرنےکا اعلان

نیلامی کا مقصد زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھا کرکے کورونا متاثرین کی مدد کرنا ہے، ٹیسٹ کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 اپریل 2020 14:05

رومان رئیس کےبعد اظہرعلی کا بھی شرٹ اوربیٹ نیلام کرنےکا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28اپریل 2020ء ) فاسٹ بولر رومان رئیس کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ‏اظہر علی نے سوشل میڈیا پر اپنی شرٹ اور بیٹ نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے 35 سالہ کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ’’اپنی واحد ٹرپل سنچری والا بیٹ نیلام کریں گے، دِبئی میں 2016ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اس بیٹ سے 302 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی، چیمپئنز ٹڑافی 2017ء کی اپنی فاتح شرٹ بھی نیلامی میں ہوگی۔

اظہر علی کا کہنا ہے کہ یہ بیٹ اور شرٹ میرے لیے بہت اہم ہے، میرے کیریئر کی بہترین یادیں ہیں لیکن کوشش کی ہے کہ ان کی نیلامی سے زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھا ہو تاکہ اس رقم سے زیادہ کورونا متاثرین کی مدد کی جاسکے‘‘۔
واضح رہے اظہر علی اس سے پہلے وزیراعظم ریلیف فنڈز میں 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرچکے ہیں، پی سی بی کی طرف سے جمع کردہ رقم میں بھی دوسروں کی طرح اپنا حصہ ڈالا اور انفرادی طور پر بھی اس کارخیر میں جو ممکن ہو وہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور آج بھی مزید کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 14 ہزار 300 جبکہ اموات 301 ہوگئی ہیں۔ ملک میں اس عالمی وبا کو 2 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے تاہم اس دوران ایک ماہ کیسز کی تعداد کم جبکہ دوسرے ماہ کافی زیادہ دیکھنے میں آئی۔ 26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ 18 مارچ کو ملک میں وائرس سے پہلی موت کی تصدیق خیبرپختوںخوا میں ہوئی تھی۔

اگر وائرس کے کیسز کے پھیلاؤ پر نظر ڈالیں تو 25 مارچ تک ملک میں ایک ہزار کیسز تھے تاہم اس کے بعد سے اب تک تقریباً 13 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اسی طرح مارچ کے آخر تک پاکستان میں اموات کی تعداد 26 تھی جو تاہم اپریل میں ابھی تک 265 سے زائد اموات سامنے آچکی ہیں۔
وقت اشاعت : 28/04/2020 - 14:05:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :