ثابت ہوجائے میں نے فکسنگ کا اعتراف کیا تھا تو پھانسی پرلٹکا دیا جائے، باسط علی

عارف عباسی کا دعویٰ جھوٹا ہے، ان کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا،سابق کرکٹر کا بیان

جمعہ 1 مئی 2020 21:03

ثابت ہوجائے میں نے فکسنگ کا اعتراف کیا تھا تو پھانسی پرلٹکا دیا جائے، باسط علی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2020ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے 1994 میں فکسنگ کا اعتراف کرنے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عارف عباسی اور سابق ٹیم منیجر انتخاب عالم کے دعوے مسترد کردیے۔تفصیلات کے مطابق سابق سی ای او پی سی بی عارف عباسی کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ 1994 میں سری لنکا کے دورے کے بعد منیجر انتخاب عالم نے بتایا تھا کہ باسط علی نے فکسنگ کا اعتراف کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور پی سی بی چیف ایگزیکٹو انتخاب عالم کو ٹور رپورٹ میں واقعہ درج کرنے کو کہا لیکن افسوس کہ انتخاب عالم نے اپنی رپورٹ میں اس واقعے کا ذکر نہیں کیا، انتخاب عالم نے واقعے کا ذکر نہ کرکے غلط کیا۔بعد ازاں انتخاب عالم نے بھی عارف عباسی کے بیان کی تصدیق کی اور کہا کہ عارف عباسی سے باسط علی کے فکسنگ اعتراف کا ذکر کیا تھا لیکن ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے اپنی رپورٹ میں اس کا ذکر نہیں کیا تاہم اب سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے عارف عباسی اور انتخاب عالم کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی ثابت کردے کہ میں نے فکسنگ کا اعتراف کیا تھا تو مجھے پھانسی پرلٹکا دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کی کسی بھی عدالت میں کوئی یہ ثابت کرے تو سزا کیلئے تیار ہوں، عارف عباسی کے بیان کے بعد انتخاب عالم سے میری بات ہوئی ہے اور یہ دونوں افراد میرے بڑے ہیں جن لوگوں نے میرے حوالے سے فکسنگ کا کہا غلط کہا۔باسط علی کا کہنا تھا کہ عارف عباسی کا دعویٰ جھوٹا ہے، ان کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔
وقت اشاعت : 01/05/2020 - 21:03:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :