سنوکر کے عالمی چمپئن محمد آصف حکومت کی جانب سے انعامی رقوم کے لئے ابھی تک منتظر

پیر 4 مئی 2020 14:47

سنوکر کے عالمی چمپئن محمد آصف حکومت کی جانب سے انعامی رقوم کے لئے ابھی تک منتظر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2020ء) سنوکر کے عالمی چمپئن محمد آصف حکومت کی جانب سے انعامی رقم کے لئے ابھی تک منتظر ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنوکر کے عالمی چمپئن محمد آصف نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی ہے کہ گذشتہ برس نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی طرح مجھے بھی عالمی سنوکر چمپئن بننے پر انعامی رقوم سے نوازا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کرنے کے اقدامات خوش آئند ہیں اس سے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوتی ہے ان کے علاوہ دوسرے انٹرنیشنل مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں بھی انعامی رقوم تقسیم کی جائے، عالمی چمپئن محمد آصف نے کہا کہ میں نے دوبار 2012ء اور 2019ء میں عالمی سنوکر چمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا اس کے علاوہ 2013 ء ایشین چمپئن ہونے کا بھی اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے چھ ماہ قبل عالمی چمپئن شپ جتنے کے بعد وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ملاقات کی تھی، اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث ان سے ملاقات نہ ہوسکی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی ہے مجھے بھی عالمی سنوکر چمپئن شپ جتنے پر انعامی رقوم دی جائے۔
وقت اشاعت : 04/05/2020 - 14:47:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :