پنجاب حکومت دیہی علاقوں میں فٹ بال کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کرے، سردار شانی ڈوگر

بدھ 6 مئی 2020 11:58

پنجاب حکومت دیہی علاقوں میں فٹ بال کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کرے، سردار شانی ڈوگر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2020ء) پنجاب حکومت دیہی علاقوں میں فٹ بال کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز فٹ بالر سردار شانی ڈوگر نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شہروں کی نسبت دیہی علاقوں میں فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے تاکہ یہ ٹیلنٹ ضائع نہ ہو، علی شیر کلب ناگوکی سرلی کے کھلاڑی سردار شانی ڈوگر نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور آج سے کو?ی چار دہائیاں قبل حکومت یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرواتی تھی ان مقابلوں سے کھیلوں کا نیا ٹیلنٹ سامنے آتا تھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بھی کھیلوں کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن اس وقت تعلیمی اداروں میں بھی کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وباء کے باعث پوری دنیا پریشان ہے اور کھلاڑیوں بھی گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے پوری دنیا میں کھیلوں کے میدان غیر آباد ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں اور اپنے آپ کو کورونا وائرس کی وباء سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر بھی توجہ دیں۔
وقت اشاعت : 06/05/2020 - 11:58:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :