پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے سائوتھ ایڈیشن گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے قومی کھلاڑیوں میں نقد انعامات کی تقسیم

جمعہ 8 مئی 2020 22:56

پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے سائوتھ ایڈیشن گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے قومی کھلاڑیوں میں نقد انعامات کی تقسیم
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2020ء) پاکستان سپورٹس بورڈ نے سائوتھ ایڈیشن گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے قومی کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم کے پانحویں مرحلے میں مزید 7.5ملین کی خطیر رقم کھلاڑیوں کو فراہم کر دی ہے۔ جمعہ کو گیمز میں شرکت کرنے والی پاکستان ہینڈ بال ٹیم کے 15کھلاڑیوں نے پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم سے کیش انعامات وصول کئے۔

تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم کی تقریب وزارت بین الصوبائی رابطہ میں منعقد ہو ئی، کورونا وباء کی وجہ سے تقریب کو انتہائی سادہ رکھا گیا جبکہ تمام تر احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئیں۔ تقریب میں انعامات وصول کرنے والے کھلاڑیوں میں قومی ہینڈ بال ٹیم کے کھلاڑی عزیز عاطف، محمد آصف علی، محمد شاہد، عمران خان، مزمل حسین، مزمل علی، محمد زبیر، عثمان شوکت، حضرت حسین، عمر حسین، آصف حیات، نوید الرحمان، مبین اشرف، ناصر حسین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مینز ہینڈ بال ٹیم نے گزشتہ برس نیپال میں ہونے والی گیمز کے ہینڈ بال ایونٹ کے فائنل میں انڈیا کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔ کھلاڑیوں میں پالیسی کے تحت فی کس 5لاکھ کی رقم تقسیم کی گئی جو ٹوٹل 7.5ملین بنتی ہے۔تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم، وفاقی سیکرٹری محمد علی شہزادہ، جوائنٹ سیکرٹری سید خالد علی رضا گردیزی اورسیکرٹری پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن جاوید اقبال بھی موجو تھے۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے میڈلسٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں گرینڈ تقریب منعقد نہیں کی جا سکی، حکومت کھلاڑیوں کی کارگردی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔کھلاڑی انٹر نیشنل سطح پر اپنا لوہا منوانے کیلئے محنت جاری رکھیں،اس موقع پر سیکرٹری ہینڈ بال فیڈ ریشن نے انعامات کی فراہمی پر سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہت محنت کی اور انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کیا،کیش انعامات کی فراہمی پر فیڈ ریشن وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وفاقی سیکرٹری کی مشکور ہے،اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی جبکہ مستقبل کے ایونٹس میں مزید میڈلز جیتنے کی لگن میں بھی اضافہ ہوگا۔
وقت اشاعت : 08/05/2020 - 22:56:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :