شاہد آفریدی کا حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ الخدمت میگا سینٹر کا دورہ ، الخدمت کو خراج تحسین

الخدمت کے ساتھ مل کر امدادی کام کرنے کی خواہش کا اظہار ، حافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم ، امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ اور میڈیا سے گفتگو ہمارے پاس ہزاروں رضاکاروں کا نیٹ ورک ہے جس کے ذریعے ہم منظم طریقے سے خدمت کی سرگرمیاں کرتے ہیں ، حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 9 مئی 2020 17:42

شاہد آفریدی کا حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ الخدمت میگا سینٹر کا دورہ ، الخدمت کو خراج تحسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2020ء) معروف کرکٹ اسٹار اور قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ الخدمت میگا راشن سینٹر بہادر آباد کا دورہ کیا اور راشن کی پیکنگ اور روانگی کے عمل کا جائزہ لیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کی جانب سے راشن کی تقسیم اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی ، اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کراچی سمیت ملک بھر میں شاندار خدمات پر الخدمت کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنی فائونڈیشن کا بھی ذکر کرتے ہوئے الخدمت کے ساتھ مل کر امدادی اور فلاحی کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شاہد آفریدی کی جانب سے مل کر کام کرنے کی خواہش کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

کراچی میں ہمارے پاس ایک وسیع نیت ورک اور ہزاروں رضاکارموجود ہیں ۔ اہم بات یہ ہے کہ مقصد اچھا اور نیک نیت ہو نی چاہیئے اور ایک مربوط ضابطے اور طریقہ کار کے تحت کام کیا جائے ۔شاہد آفریدی نے حافظ نعیم الرحمن اور الخدمت کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں طویل عرصے سے دیکھ رہا ہوں کہ جس طرح پورے ملک میں الخدمت کا فلاحی نیٹ ورک سرگرم ہے اور ملک میں جگہ جگہ زبردست طریقے سے کام کیا جارہا ہے ۔

یہ بہت بڑا کریڈیٹ ہے جو الخدمت کو جاتا ہے ۔ الخدمت جس طرح بڑھ چڑھ کر غریب طبقے کے لیے خدمات فراہم کر تی ہے ۔میں پوری قوم کی طرف سے الخدمت کا شکریہ ادا کروں گا آپ لوگ دور دراز مقامات پر بھی جاتے ہیں ، ہم نے بھی مردان میں کام شروع کیا ہے ۔ ہماری فائونڈیشن ابھی زیادہ بڑی نہیں ہے لیکن جن کے پاس بڑا نیٹ ورک موجود ہوتا ہے تواس پر بڑی خوشی ہوتی ہے اور خواہش ہوتی ہے کہ ان کے ساتھ مل کر کام کریں ۔

میری دعا ہے کہ جس طرح آپ لوگ کام کر رہے ہیں ، کرتے ہیں ۔ لوگوں کی مدد کرنا اور خدمت کے کام کرنا ایک مشترکہ اور پوری قوم کا ایشو ہے ۔ آپ کا بھی اور ہمارا بھی ایک ہی مقصد ہے اور ایک ہی نیت ہے کہ لوگوں کی مدد کی جائے ، جہاں جہاں ممکن ہو گا ہم مل کر کام کریں گے ، پاکستان کے لیے اور پاکستان کے لوگوں کے لیے ۔شاہد آفریدی نے کہا کہ کراچی نے ہمیشہ آگے بڑھ کر چیریٹی کے کاموں کو سپورٹ کیا ہے ۔

کراچی اس کے لیے جتنا کرتا ہے کوئی اور شہر نہیں کرتا ۔ لاک ڈائون میں جو لوگ متاثر ہو ئے ہیں ضروری ہے کہ ان کے لیے ریلیف یقینی بنانے کے لیے حکومتی سطح پر بھی اور ہم سب مل کر بھی کوشش کریں ۔ اگر مشترکہ کوشش کی جائیں تو ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارے اسٹار شاہد خان آفریدی پاکستان کا نام اور پہچان ہیں اور آج ہماری دعوت پر یہاں تشریف لائے ہیں ۔

خود بھی بہت ساری سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں اور جماعت اسلامی اور الخدمت کے بہت سارے پروجیکٹس کے وزٹ بھی کرتے رہے ہیں ، یہ ہمارا ایک میگا راشن سینٹر ہے ، کراچی میں ہمارے تقریباً 150سے زائد مقامات پر چھوٹے بڑے راشن سینٹر ہیں ،راشن سینٹر کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اس میں رش لگائیں اور لوگوں کو بانٹیں یہ طریقہ ہم نے رکھا ہی نہیں ہے ۔ ہمارا طریقہ یہ ہے کہ ہم پہلے تحقیق کرتے ہیں ،معلومات حاصل کرتے ہیں اور پھر رات کے اندھیرے میں راشن پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، یہاں سے روزانہ رات میں ٹرک نکلتے ہیں خاموشی کے ساتھ اور ہمارے رضا کار شہر کے مختلف علاقوں میں تقسیم کرتے ہیں بلکہ شہر کے مضافات ، گوٹھ ، آبادیوں کے اندر اور منوڑہ میں بھی ہم پچھلے دنوں گئے تھے وہاں پر لانچوں پر بھی ہم نے راشن تقسیم کیا ۔

سینکڑوں مقامات پر ہم نے اسپرے کیا ، پکا ہوا کھانا ہزاروں خاندانوں کو فراہم کیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر یہ سلسلہ جاری ہے ۔ شہر میں درجنوں مقامات پرسستی روٹی پروجیکٹ کے تحت تندور قائم کیے اور 5روپے میں روٹی فراہم کر رہے ہیں جس سے سفید پوش لوگ بھی استفادہ کر رہے ہیں ۔ 48ہزار کلو چکن اس ماہ مبارک میں تقسیم کر چکے ہیں ۔ ہمارے پاس ہزاروں رضا کاروں کا پورا نیٹ ورک ہے جس کے ذریعے ہم منظم طریقے سے تقسیم کرتے ہیں اور خدمت کی سرگرمیاں کرتے ہیں ۔
وقت اشاعت : 09/05/2020 - 17:42:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :