دورہ انگلینڈ ممکن ہوا تو 25 کھلاڑیوں کا سکواڈ جائیگا:ذرائع

15 کھلاڑیوں کے ہمراہ 10 بیک اپ کھلاڑی رکھنے کی تجویز، ٹیم پہلے ٹیسٹ سے دو ہفتے پہلے پہنچے گی، کم از کم 10 روز قرنطینہ میں بھی رہیگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 مئی 2020 13:38

دورہ انگلینڈ ممکن ہوا تو 25 کھلاڑیوں کا سکواڈ جائیگا:ذرائع
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15مئی 2020ء ) ‏پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے حکام آج مشاورت کریںگے۔ ‏دورہ ممکن ہوا تو قومی ٹیم کے 25 ممکنہ کھلاڑی انگلینڈ لے کر جانے کی تجویز ہے اور کھلاڑی 10 سے 15 روز قرنظینہ میں گزاریں گے۔ ‏پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ میں پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے شیڈول ہے۔

سیریز میں 3 ٹیسٹ میچز اور 3 ٹی ٹونٹی میچز شامل ہیں۔ پاکستان انگلینڈ سیریز بھی کورونا وائرس کے باعث جہاں خدشات کا شکار ہے وہاں سیریز کو ممکن بنانے کیلئے کئی ایک آپشنز بھی زیر غور ہیں۔ ان میں ایک آپشن دو وینیوز پر میچز کا انعقاد اور سیریز کے شیڈول میں ردو بدل بھی شامل ہیں۔ اسی حوالے سے پاکستان اور انگلینڈ کے کرکٹ حکام آج ٹیلی کانفرنس کریں گے اور سیریز کے مستقبل کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے چیف ایگزیکٹو وسیم خان، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہوں گے جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو، ڈائریکٹر کرکٹ اور شعبہ میڈیکل کے ہیڈ شریک ہوںگے۔ چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ابھی حالات اچھے نہیں ہیں، ٹیلی کانفرنس میں سیریز کا فیصلہ نہیں کر رہے، ابھی صلاح مشورہ کریں گے، فوری فیصلہ نہیں کیا جائے گا، تین چار ہفتوں کے بعد فیصلہ کریں گے کیونکہ کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، یہ جاننے کی کوشش کی جائیگی کہ سیریز کیلئے کیا کیا آپشنز ہیں اورکیا اقدامات کیے جائیںگے ۔

‏دوسری جانب اگر سیریز ممکن ہوتی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیم انگلینڈ بھیجنے پر رضا مندی ظاہر کرتا ہے تو ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنے کی تجویز سامنے آئی ہے اور جس کی وجہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال ہے۔ 15 کھلاڑیوں کے ہمراہ 10 بیک اپ کھلاڑی رکھنے کی تجویز ہے۔ پاکستانی ٹیم پہلے ٹیسٹ سے کم از کم دو ہفتے پہلے پہنچے گی اور کم از کم 10 روز قرنطینہ میں بھی رہے گی۔ قرنطینہ میں رہنے کی مدت کا فیصلہ مقامی شعبہ ہیلتھ کی ہدایات کے مطابق ہوگا۔ اس کے علاوہ سکواڈ کو خصوصی پرواز سے بھی انگلینڈ لے جانے کی تجویز ہے۔
وقت اشاعت : 15/05/2020 - 13:38:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :