احمد شہزاد نے توقعات کو کیریئر متاثر ہونے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا

بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے مناسب سپورٹ نہیں مل سکی ،قومی اوپنر کا شکوہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 مئی 2020 14:09

احمد شہزاد نے توقعات کو کیریئر متاثر ہونے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی 2020ء )  قومی اوپنر احمد شہزاد نے توقعات کے دباؤ کو کیریئر متاثر ہونے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔ حالیہ انٹر ویو میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے اُن سے انٹر نیشنل میچوں میں کافی امیدیں رکھیں جس کی وجہ سے وہ اچھا بیٹسمین نہ بن سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر کے ابتداء میں ویرات کوہلی کے ساتھ ان کا موازنہ کیا جاتا تھا جس کی وجہ سے ان پر زیادہ دباؤ پڑا اور کارکردگی متاثر ہوئی۔

واضح رہے کہ احمد شہزاد اور ویرات کوہلی نے کیریئر تقریباً ایک ساتھ شروع کیا تھا اور حیرت انگیز طور پر احمد شہزاد کی ابتداء بھارتی کپتان سے زیادہ اچھی تھی کیونکہ ابتدائی 13 ٹیسٹ میں پاکستانی اوپنر نے 40.91 کی اوسط سے 982 رنز بنائے جب کہ ویرات کوہلی نے 35.81کی اوسط سے 788 رنز کئے تھے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر احمد شہزاد نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جب کسی بڑے کھلاڑی سے موزانہ کیا جاتا ہے تو پھر دباؤ بڑھ جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دو کھلاڑیوں کا موازنہ کیا جاتا ہے لیکن ان کے بیک گراؤنڈز کو نہیں دیکھا جاتا ۔ احمد شہزاد کے مطابق کسی بھی کھلاڑی کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ اسے بورڈ، کپتان، ٹیم مینجمنٹ اور کوچ کا تعاون حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کو زیادہ بلندی پر اسی وجہ سے نہ لے جاسکے کیونکہ انہیں وہ سپورٹ نہیں مل سکی جیسی ویرات کوہلی، روہیت شرما، جو روٹ، کین ولیمسن اور بابر اعظم کو ملی۔
وقت اشاعت : 18/05/2020 - 14:09:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :