ملک میں سپانسر کے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے، سیکرٹری پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن

منگل 19 مئی 2020 11:53

ملک میں سپانسر کے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے، سیکرٹری پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2020ء) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں سپانسر کے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے۔ گذشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا میں کھیلوں کے میدان ویران ہو چکے ہیں اور اس سے کھیلوں اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت اور عوام معاشی مسائل سے بھی دوچار ہے، اس صورتحال سے ملکی معاشیات کو بھی کافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال میں کھیلوں کو زندہ رکھنے کے سپانسر کا سہارا لینا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں واجد چوہدری نے کہا کہ ملک میں بیڈمنٹن کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ان مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل سطح پر کئی میڈلز حاصل کررکھے ہیں اور حکومت ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے۔ کورونا وائرس کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں، یہ معلوم نہیں ہے کہ اس وباء پر کب قابو پایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔
وقت اشاعت : 19/05/2020 - 11:53:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :