ملک میں بیڈمنٹن کی ترقی کے لئے سپانسر کو آگے آنا ہوگا اور اس کے بغیر کھیل کی ترقی ناممکن ہے،واجد علی چوہدری

کرونا وائرس کے باعث کھیلوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال میں کھیلوں کو زندہ رکھنے کے سپانسر کو آگے آنا ہوگا، سیکرٹری جنرل پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن

منگل 19 مئی 2020 12:35

ملک میں بیڈمنٹن کی ترقی کے لئے سپانسر کو آگے آنا ہوگا اور اس کے بغیر کھیل کی ترقی ناممکن ہے،واجد علی چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2020ء) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری نے کہاہے کہ ملک میں بیڈمنٹن کی ترقی کیلئے سپانسر کو آگے آنا ہوگا اور اس کے بغیر کھیل کی ترقی ناممکن ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور جس سے کھیلوں کے میدان ویران ہو چکے ہیں کھلاڑی گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس کرونا وائرس کی وباء سے کھیلوں اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہو رہا ہے، اس صورتحال سے ملکی معاشیات کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث کھیلوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال میں کھیلوں کو زندہ رکھنے کے سپانسر کو آگے آنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں واجد چوہدری نے کہا کہ ملک میں بیڈمنٹن کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی کسی سے کم نہیں بلکہ ان مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل سطح پر کئی میڈلز حاصل کررکھے ہیں اور حکومت ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے، کرونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں ،یہ معلوم نہیں ہے کہ اس وباء پر کب قابو پایا جاسکے گا، کھلاڑی کرونا وائرس کی وباء سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔
وقت اشاعت : 19/05/2020 - 12:35:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :