آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی گیندپر لعاب لگانے کی شدید مخالف

باؤلرزگیند چمکانے کیلئے پسینے کا استعمال کرسکیں گے،نیوٹرل امپائرنگ کو معطل کردیاگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 مئی 2020 12:37

آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی گیندپر لعاب لگانے کی شدید مخالف
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19مئی 2020ء ) آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ انیل کمبلے نے گیندپر لعاب لگانے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے وضاحت کردی ہے کہ باؤلرز گیند کو چمکانے کیلئے معمول کے مطابق پسینے کا استعمال کر سکیں گے ۔آئی سی سی ہیڈ کوارٹرز میں ہونیوالی کرکٹ کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس کے دوران گرما گرم بحث کے بعد پلیئرز کو لعاب کے استعمال سے روکنے کی تجویز سامنے آگئی تاہم باؤلرز گیند کو چمکانے کیلئے حسب معمول پسینے کا استعمال کر سکیں گے ۔

آئی سی سی پینل نے تجویز دی کہ گلوبل سفری پابندیوں کے باعث انٹرنیشنل میچوں میں نان نیوٹرل امپائرز کی تقرری کو عبوری مدت کیلئے پیش نظر رکھا جائے تاہم ان فیصلوں کو منظوری کیلئے جون میں شیڈول چیف ایگزیکٹوز کمیٹی اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ انیل کمبلے کا کہنا تھا کہ ساری دنیا اس وقت غیر معمولی حالات سے گزر رہی ہے لہٰذا کمیٹی نے عبوری مدت کیلئے کچھ فیصلے کئے ہیں جس کے تحت نیوٹرل امپائرنگ کو معطل کردیا گیا ہے ۔

آئی سی سی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر پیٹر ہارکورٹ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ بال پر لعاب کا استعمال کورونا وائرس کے بلند درجہ خطرات کا باعث بن سکتا ہے لہٰذا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ بال کو چمکانے کیلئے لعاب کا استعمال ہرگز نہ کیا جائے تاہم پسینے کا استعمال خطرہ نہیں لہٰذا اس پر پابندی نہیں لگائی گئی۔
وقت اشاعت : 19/05/2020 - 12:37:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :