ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ممکنہ منسوخی کا خدشہ،پی سی بی کا متبادل پلان پر غور

اگر ورلڈ کپ ملتوی ہوا تو پی ایس ایل اور بنگلا دیش کی سیریز کے بقیہ میچز کرائے جائیںگے: ذرائع پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 مئی 2020 13:50

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ممکنہ منسوخی کا خدشہ،پی سی بی کا متبادل پلان پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ممکنہ منسوخی کے خدشے کے پیش نظر متبادل پلان پر غور شروع کردیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا بورڈ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے مستقبل پر 28 مئی کو فیصلہ کرے گا اور خدشہ ظاہرکیاجارہا ہے کہ لاجسٹک اوردیگر مسائل کی وجہ سے ورلڈکپ کو ملتوی کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں دیگر بورڈز دستیاب ونڈو میں دو طرفہ ایونٹس یا پھر وہ میچز شیڈول کرسکتے ہیں جو کورونا وائرس کی وجہ سے التواء کا شکار ہیں۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر دفتر میں بھی متبادل پلانز پر غور ہوا ہے اور مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے جس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے بقیہ 4 میچز اور بنگلا دیش کےخلاف بقیہ ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے کرایا جاسکتا ہے۔ پی ایس ایل کے میچز کیلئے تین سے چار روز کی ونڈو نکالی جائے گی اور یہ ایک ہی شہر میں ہوگا۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ پی سی بی ایک مختصر سیریز کے انعقاد کے آپشن پر بھی کام کرسکتا ہے۔                                                              
وقت اشاعت : 21/05/2020 - 13:50:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :