لعاب پر پابندی کے بعد کوئی دوسرا آپشن تلاش کریں :پیٹ کمنز

شکر ہے پسینہ استعمال کر سکتے ہیں لیکن ٹھنڈے موسم میں کیا ہوگا :کینگرو پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 مئی 2020 16:50

لعاب پر پابندی کے بعد کوئی دوسرا آپشن تلاش کریں :پیٹ کمنز
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی 2020ء ) عالمی کرکٹ رینکنگ کے ٹاپ ٹیسٹ بالر پیٹ کمنز نے آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کی جانب سے گیند کو چمکانے کیلئے لعاب پر پابندی کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر کوئی دوسرا آپشن تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔کینگرو پیسر پیٹ کمنز کے مطابق پسینے کا استعمال برا نہیں لیکن کوئی دوسرا آپشن بھی ہونا چاہئے جس کے بارے میں انہیں علم نہیں کہ وہ کیا ہو سکتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سائنس کے مطابق لعاب کا استعمال انتہائی خطرناک ہے تو پسینے کے ساتھ کوئی متبادل شے بھی تلاش کرنی چاہئے کیونکہ اس کی ضرورت بہرحال محسوس ہوگی۔پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ کم از کم وہ بال چمکانے کیلئے پسینہ استعمال سکتے ہیں لیکن انہیں کسی بھی اسپیل کے آغاز میں پسینہ آنے کی دعا کرنا ہوگی اور آسٹریلیا میں کھیلتے ہوئے دن کے وسط میں کوئی مشکل نہیں ہوگی لیکن ٹھنڈے موسم میں جب پسینہ نہیں آئے گا تو دشواری کا سامنا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سلپ میں کھڑے پلیئرز اکثر بال کو چمکانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں جن کو ٹھنڈے موسم میں پسینہ نہیں آئے گا تو یہ بڑی دلچسپ صورتحال ہو جائے گی لہٰذا بالرز کو اس وقت کا انتظار کرنا ہوگا جب لعاب کا استعمال دوبارہ قانونی قرار دے دیا جائے ۔پیٹ کمنز نے آسٹریلین وکٹوں کے معیار میں بہتری کا بھی مشورہ دیا جو حالیہ برسوں کے دوران بیٹنگ فرینڈلی نظر آنے لگی ہیں۔                          
وقت اشاعت : 21/05/2020 - 16:50:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :