پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا باکسنگ چیمپیئن شپ آن لائن منعقد کرانے کا اعلان

جمعہ 22 مئی 2020 11:57

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا باکسنگ چیمپیئن شپ آن لائن منعقد کرانے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے بھی کورونا وائرس کے باعث عیدالفطر کے بعد آن لائن باکسنگ چیمپیئن شپ منعقد کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ گذشتہ روز پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ناصر تنگ نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپیئن شپ کا مقصد کھلاڑیوں کو کورونا وائرس کی وباء کے باعث صحت مندانہ سہولیات اور تربیت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں مختلف کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہوں گے جو ایک ہفتہ تک جاری رہیں گے اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ صوبائی ریجنل ایسوسی ایشنز اور اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ عالمی کوالیفائنگ رائونڈ کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی کوالیفائنگ رائونڈ آئندہ برس مارچ یا اپریل میں منعقد ہو گا جس کے مقام کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس چیمپیئن شپ میں کھلاڑیوں کو تربیت کرنے کا موقع ملے گا اور اس کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی عالمی کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیت کیلئے قزاخستان بھیجنے پر بات چیت ہو رہی ہے۔ اس سلسلہ میں قزاخستانباکسنگ فیڈریشن کو بھی خط لکھا دیا گیا ہے اور کم از کم پانچ کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے ضرور بھیجا جائے گا۔

ملک میں باکسنگ کے ٹیلنٹ کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں کرنل ناصر تنگ نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ دیگر کھیلوں کی طرح باکسنگ کے کھیل پر بھی توجہ دے تاکہ اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لایا جا سکے۔ کورونا وائرس کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے اور کھلاڑی بھی گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں اس لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے آن لائن مقابلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے جوکہ عیدالفطر کے بعد آئندہ ماہ جون میں منعقد ہو گا۔
وقت اشاعت : 22/05/2020 - 11:57:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :