دروہ انگلینڈ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت شروع

حتمی مشاورت عید کے بعد ہو گی،پی سی بی 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہی: ذرائع

جمعہ 22 مئی 2020 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے سلیکٹرز نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کاآغاز کر دیا ہے۔حتمی مشاورت عید کی چھٹیوں کے بعد ہو گی اور امکان ہے کہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) ان دنوں دورہ انگلینڈ کی تیاریوں میں مصروف ہے، اس حوالے سے دو روز قبل پی سی بی نے کھلاڑیوں کو بریفنگ بھی دی ہے اور اپنے پلان کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

کرکٹرز کی صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرنے کی یقین دہانی دلاتے ہو ئے پی سی بی نے اعلان کیا کہ جون کے اوائل میں کرکٹرز کی ٹریننگ کو پلان کیا جا رہا ہے، اس ٹریننگ کے لیے تمام طریقہ کار طے کیے جا رہے ہیں اور بظاہر یہی لگتا ہے کہ کرکٹرز گروپ کی شکل میں ٹریننگ کریں گے اور اس کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو ہر طرح سے محفوظ بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

ٹریننگ کیمپ کے لیے کون کون ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہو گا، اس کے لیے سلیکٹرز نے ابتدائی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے جبکہ حتمی مشاورت عید کی چھٹیوں کے بعد ہو گی اور اس کے ساتھ ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 30 ممکنہ کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا جائے گا اور پی سی بی 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، کیمپ میں سنٹر ل کنٹریکٹ 2020-21 میں شامل تمام 21 کھلاڑی شریک ہوں گے،اس کے علاوہ فواد عالم سمیت ان کرکٹرز کو بھی بلایا جائے گا جو حالیہ اسکواڈز کا تو حصہ رہے ہیں لیکن کنٹریکٹ میں شامل نہیں ہیں، ان میں محمد موسیٰ، عماد بٹ، خوشدل شاہ اور عثمان قادر کے نام ہیں۔

ذرائع کے مطابق محمد عامر، وہاب ریاض، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے حوالے سے بھی مشاورت ہو رہی ہے۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی ہونے کی وجہ سے شعیب ملک اور محمد حفیظ کا کیس کمزور پڑ سکتا ہے، محمد عامر اور وہاب ریاض بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل نہیں تھے تاہم اب محمد عامر کو ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ٹریننگ سے قبل تما م کرکٹرز، سپورٹ سٹاف اور متعلقہ لوگوں کے کووڈ 19 ٹیسٹ ہوں گے۔
وقت اشاعت : 22/05/2020 - 22:39:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :