کورونا وائرس کے باعث امپائرز بھی دستانے پہننے پر مجبور

میچز کے دوران باؤلرز کے سوئیٹرز،کیپ اور سن گلاسز کو بھی نہیں سنبھالنا پڑے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 مئی 2020 15:18

کورونا وائرس کے باعث امپائرز بھی دستانے پہننے پر مجبور
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مئی 2020ء ) کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث امپائرز بھی دستانے پہننے پر مجبور ہو گئے ہیں جن کو میچوں کے دوران باؤلرز کے سوئیٹرز،کیپ اور سن گلاسز کو بھی نہیں سنبھالنا پڑے گا۔آئی سی سی نے کورونا وائرس کے بعد کھیل کی واپسی کے حوالے سے جو گائیڈلائنز جاری کی ہیں ان کی مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں جن کے مطابق پلیئرز اور امپائرز فیلڈ میں اور فیلڈ سے باہر سماجی فاصلوں کا خیال رکھیں گے جبکہ پلیئرز باؤلنگ سے قبل اپنے سوئیٹرز،کیپ یا سن گلاسز بھی امپائرز کو نہیں پکڑا سکیں گے ۔

گائیڈ لائنز کے مطابق پلیئرز فیلڈ میں کسی کامیابی کے وقت جشن منانے کے دوران گلے ملنے ،ہاتھ ملانے اور ہائی فائیو سے گریز کریں گے اور ہر بار بال کو چھونے کی صورت میں انہیں اپنے ہاتھ سینی ٹائز کرنے ہوں گے اور بال کو چھونے کیلئے امپائرز کو بھی دستانوں کا استعمال کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے مطابق کھلاڑی میچوں کے دوران پانی کی بوتل،تولیہ یا کرکٹ کا کوئی سامان آپس میں شیئر نہیں کریں گے کیونکہ ایسا کرنے سے شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں لہٰذا ایسے کسی بھی عمل کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی بال کو چمکانے کیلئے لعاب کا استعمال پہلے ہی روک چکی ہے تاہم پسینے کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔گورننگ باڈی نے وضاحت کی ہے کہ اگرچہ کرکٹ کوئی کنٹیکٹ سپورٹس نہیں لیکن اس میں بھی پلیئرز کی صحت کو مختلف قسم کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 26/05/2020 - 15:18:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :