قومی کرکٹرز ٹریننگ کے آغاز پر کوچز سے محرومی کا شکار

کوچنگ سٹاف میں شامل وقار یونس،کلف ڈیکن اور بریڈ برن ملک میں موجود نہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 28 مئی 2020 11:27

قومی کرکٹرز ٹریننگ کے آغاز پر کوچز سے محرومی کا شکار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی انگلینڈ ٹور سے قبل جون میں شروع ہونیوالی ٹریننگ کے دوران اپنے کوچز سے محرومی کا شکار رہیں گے کیونکہ کوچنگ سٹاف میں شامل وقار یونس،کلف ڈیکن اور گرانٹ بریڈبرن فی الوقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ باؤلنگ کوچ وقار یونس پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن کورونا وائرس کے سبب ملتوی ہونے کے فوری بعد آسٹریلیا جب کہ فزیو کلف ڈیکن جنوبی افریقہ روانہ ہو گئے تھے جن کی سفری پابندیوں کے باعث واپسی ممکن نہیں ہو سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈبرن بھی پاکستان سپر لیگ سے قبل چھٹیوں پر اپنے وطن نیوزی لینڈ واپس جا چکے ہیں اور تینوں کوچز قومی کرکٹ ٹیم کی مرحلہ وار ٹریننگ کے ابتدائی حصے میں دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ سفری پابندیاں ختم نہ ہوئیں تو انہیں ٹریننگ کیمپ کی نگرانی سے بھی محروم رہنا ہوگا۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان واضح کر چکے ہیں کہ وقار یونس پاکستان واپس نہ آسکے تو وہ براہ راست انگلینڈ پہنچ کر ٹیم جوائن کریں گے جب کہ دیگر دونوں کوچز سے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا متواتر رابطہ ہے جن سے ٹریننگ پلان کے حوالے سے مشاورت کی جا رہی ہے اور کوشش یہی ہے کہ انہیں جلد پاکستان بلایا جا سکے ۔

                                                                                 
وقت اشاعت : 28/05/2020 - 11:27:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :