پی سی بی،گرانٹ بریڈ برن ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ ، ثقلین مشتاق ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ مقرر

قومی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ رینکنگ میںپہنچانا اور اس کا سنہری دور واپس لانا پی سی بی کی ترجیح ہے،وسیم خان

جمعرات 28 مئی 2020 18:43

پی سی بی،گرانٹ بریڈ برن ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ ، ثقلین مشتاق ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ مقرر
لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کو ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ ،ثقلین مشتاق کو ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ اور عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنزمنیجر مقرر کردیا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق یہ تقرریاں ہائی پرفارمنس سنٹر کی ری سٹرکچرنگ کا حصہ ہیں جس کا مقصد نوجوانوں، خواہشمند اسپورٹ اسٹاف اور کھلاڑیوں کو ایک واضح راستہ فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں تقرریاں تعیناتی کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی گئی ہیں، امیدواروں کی تقرری کیلئے ایک اعلیٰ سطحی پینل تشکیل دیا گیا جس میں کرکٹ کمیٹی کے اراکین بھی شامل تھے ۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سنٹر پاکستان میں کرکٹ کا دل ہے جو پاکستان کرکٹ کی سمت کا تعین کریگا،خوشی ہے کہ وہ اس کی تشکیل، بین الاقوامی معیار کے مطابق اس میں جدت لانے اور اسے معیار کے مطابق حیثیت دلانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ہائی پرفارمنس سنٹر کیلئے ایک ایسی تجربہ کار ٹیم بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو اپنے ساتھ وسیع بین الاقوامی تجربہ اور علم لارہی ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کا مقصد قومی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ رینکنگ میںپہنچانا اور اس کا سنہری دور واپس لانا ہے، اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا وہ پراعتمادہیں کہ ندیم خان، گرانٹ بریڈ برن اور ثقلین مشتاق مل کر ایسے پروگرامز اورنظام متعارف کروائیں گے، جس سے ہائی پرفارمنس سنٹر کے نئے مقاصد تیار ہونگے جو اسے سنٹر آف ایکسلینس اور پی سی بی کے ماتھے کا جھومر بنائیں گے، پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے اسپورٹ اسٹاف میں گرانٹ بریڈ برن کے متبادل کا فیصلہ جلد کردیگا۔

واضع رہے کہ گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018ء سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں،1990ء سے 2001 ء تک 7 ٹیسٹ اور11ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل نیوز ی لینڈ مینز اے اور انڈر19ٹیموں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں، گرانٹ بریڈ برن، اس نئے عہدے پر ملک بھر کے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں اسپورٹ عملے کے مجموعی معیار کو بڑھانے کے ذمہ دار ہونگے، وہ نئے طریقوں کو رائج کرنے کے ساتھ ساتھ انفرادی تعلیم اور نظام کے تحت ایک کامیاب ماحول پیدا کرنے میں شہرت رکھتے ہیں، ایک ایسا نظام جو مستقل اپنی آراء، تشخیص اور مدد فراہم کرتا ہے جوکوچز کی ترقی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

ثقلین مشتاق کا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر 1995ء سے 2004ء پر محیط رہا، ان کی ذمہ داریوںمیں کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی ڈویلپمنٹ اور تیاری اس انداز میں شامل ہوگی کہ وہ ورلڈکلاس کرکٹرز بن سکیں، ثقلین مشتاق کو ''دوسرا'' کا موجد کہا جاتا ہے، 18 برس کی عمر میں انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کے ایک کلینڈر ائیر میں 65 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا، انہوں نے اگلے ہی برس ایک کلینڈر ایئر میں 69 وکٹیں لے کر ایک نیا ریکارڈ بنایا جو اب تک برقرار ہے‘وہ اپنی باؤلنگ میں اس قدر مؤثر تھے کہ انہوں نے ایک سال اور 225 دنوں میں تیزترین100 وکٹیں حاصل کرنے کاریکارڈ بھی قائم کیا، اب تک ان کے علاوہ کوئی اور باؤلر 2 سال سے کم عرصے میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا، ثقلین مشتاق ماضی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں، اس کے علاوہ ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، عصر ملک نے لمزسے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی اور وہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیز میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

وقت اشاعت : 28/05/2020 - 18:43:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :