ضلعی سطح پر کھیلوں کی تنظیموں کو فعال بنائے بغیر ملک میں کھیلیں ترقی نہیں کرسکتیں، کرنل (ر) آصف ڈار

جمعہ 29 مئی 2020 12:30

ضلعی سطح پر کھیلوں کی تنظیموں کو فعال بنائے بغیر ملک میں کھیلیں ترقی نہیں کرسکتیں، کرنل (ر) آصف ڈار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل کرنل (ر) آصف ڈار نے کہا ہے کہ ضلعی سطح پر کھیلوں کی تنظیموں کو فعال بنائے بغیر ملک میں کھیلیں ترقی نہیں کرسکتیں۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آجکل ضلعی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہ ہونے کے برابر ہے اور نہ کوئی خاص سپورٹس تنظیمیں باقاعدگی سے کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کروا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر جب کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد نہیں ہوںگی تو نیا ٹیلنٹ کیسے سامنے آئے گا۔ کھیلوں کے ٹیلنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ آج سے کئی دہائیاں قبل اگر ایک اندازہ لگایا جائے تو ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود تھا۔

(جاری ہے)

1976ء کے اولمپک گیمز میں فیصل آباد کے چھ کھلاڑیوں نے قومی ہاکی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی جن میں رائو سلیم ناظم، سلیم شیروانی، قمر ضیاء، منظور الحسن، اختر رسول اور مرحوم ارشد چوہدری شامل تھے لیکن ابھی بھی کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ اس ٹیلنٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن توجہ وہ ہی دے سکتا ہے جو اس فیلڈ کو جانتا ہو اور جس کا اس کھیل کے متعلق تجربہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ جب تک بنیادی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے جائیں گے، ملک میں کھیل ترقی نہیں کر سکتے۔ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے تجربہ کار استادوں کو تعینات کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی فیڈریشنز میں ہر شخص اپنی کرسی بچانے کے چکر میں ہوتا ہے سفارشی اور پرچی کلچر کو ختم کئے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے۔
وقت اشاعت : 29/05/2020 - 12:30:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :