سینٹرل کنٹریکٹ سے زیادہ ملک کے لیے کھیلنا ترجیح :وہاب ریاض

لیگز سے پیسہ کمانے کے لیے ریڈ بال کرکٹ نہیں چھوڑی، ہمیشہ پاکستان کو ترجیح دی، کئی مرتبہ پاکستان ٹیم کے لیے خود کو دستیاب کیا اور لیگز کے معاہدے چھوڑے: فاسٹ باولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 29 مئی 2020 14:52

سینٹرل کنٹریکٹ سے زیادہ ملک کے لیے کھیلنا ترجیح :وہاب ریاض
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مئی 2020ء ) سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے پر اب فاسٹ باولر وہاب ریاض نے بھی خاموشی توڑ دی ہے اور بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے لیے سینٹر ل کنٹریکٹ نہیں بلکہ ملک کے لیے کھیلنا ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق وہاب ریاض اور محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جس کے پیش نظر 21-2020ء کے سینٹرل کنٹریکٹ میں دو کھلاڑی تینوں کیٹگری میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔

وہاب ریاض کا کہناتھا کہ سینٹر ل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل یہ خبریں آنا شروع ہو گئی تھیں کہ ہمیں کنٹریکٹ نہیں ملے گا، یہ خالصتا پی سی بی کا فیصلہ ہے لیکن ہمیں اس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔وہاب ریاض نے کہا کہ ممکن ہے کہ ہمیں ریڈ بال کرکٹ چھوڑنے کی وجہ سے مثال بنایا گیا ہو، یا یہ سوچا ہو کہ اب نوجوان فاسٹ بولرز کو موقع دینا ہے اور سینٹرل کنٹریکٹ میں رکھ کر گروم کرنا ہے لیکن میری سینٹر ل کنٹریکٹ پہلی ترجیح نہیں ہے، ملک کے لیے کھیلنا پہلی ترجیح ہے اور ہمیشہ رہے گی جب بھی موقع ملا ملک کے لیے کھیلنا اعزاز ہو گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کے بارے میں نہ سوچا ہے اور نہ پلان کیا ہے، ابھی اپنے فیصلے پر قائم ہوں، جب لگے گا کہ مجھے کھیلنا ہے تو میں پی سی بی کو اپنے فیصلے کے بارے میں آگاہ کر دوں گا۔وہاب ریاض نے کہا کہ ہمارے بارے میں ایک غلط تاثر قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہم نے لیگز سے پیسہ کمانے کے لیے ریڈ بال کرکٹ چھوڑی ہے، ایسا کچھ نہیں ہے، ہمیشہ پاکستان کو ترجیح دی، کئی مرتبہ پاکستان ٹیم کے لیے خود کو دستیاب کیا اور لیگز کے معاہدے چھوڑے، ہمارے فیصلوں کو عزت دینی چاہیے، غلط تاثر قائم نہیں کرنا چاہیے۔
وقت اشاعت : 29/05/2020 - 14:52:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :