سرفراز احمد انگلینڈ کے مشکل ترین دورے سے قبل پرجوش

تبدیل شدہ حالات میں بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بہترین رہے گی:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 29 مئی 2020 15:35

سرفراز احمد انگلینڈ کے مشکل ترین دورے سے قبل پرجوش
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مئی 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد انگلینڈ کے مشکل ترین دورے سے قبل کافی پرجوش ہیں جن کا کہنا ہے کہ تبدیل شدہ حالات میں بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بہترین رہے گی۔واضح رہے کہ چیف سلیکٹر مصباح الحق اس بات کی تصدیق کرچکے ہیں کہ انگلینڈ جانے والے سکواڈ میں سرفراز احمد سمیت دو وکٹ کیپرز کو شامل کیا جائے گا۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا دورہ گرین شرٹس کیلئے کڑا امتحان ثابت ہوگا کیونکہ پاکستانی ٹیم کیلئے انگلش کنڈیشنز ہمیشہ ہی کٹھن ہوتی ہیں جن سے ہم آہنگی قومی کھلاڑیوں کیلئے آسان نہیں ہوتی جبکہ تبدیل شدہ حالات میں یہ مشکلات بڑھ بھی سکتی ہیں لیکن انہیں پوری امید ہے کہ آنے والے دورے میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کہیں زیادہ بہتر ہوگی۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث اپنے گھر میں محصور ہونے کے باوجود 33 سالہ سرفراز احمد اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں جن کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے اپنی فٹنس پر بڑی سخت محنت کی ہے اور آج کل بھی وہ اپنے گھر میں جسمانی ورزشیں کرنے میں مصروف ہیں جب کہ رننگ کیلئے وہ گھر کے سامنے سڑک کو ٹریک کے طور پر استعمال کرتے ہیں لہٰذا انہیں فٹنس کو قائم رکھنے میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہے ۔

سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح کے طور پر سامنے رکھتے ہوئے انگلینڈ کے دورے پر جانے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا وہ بھی ساتھی کھلاڑیوں کی طرح سکواڈ کے ساتھ جانے کیلئے تیار ہیں اور موقع ملنے پر بہترین کھیل پیش کریں گے ۔
وقت اشاعت : 29/05/2020 - 15:35:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :