وباب ریاض نے گیند چمکانے کیلئے متبادل کا مطالبہ کر دیا

بولر اگر گیند نہیں چمکائے گا تو سوئنگ کیسے کرے گا اور اگر بولرز سوئنگ نہیں کر سکے گا تو کیا کرے گا،فاسٹ بولر قومی ٹیم

ہفتہ 30 مئی 2020 00:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2020ء) قومی ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے گیند چمکانے کے لیے متبادل چیز دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک انٹرویومیں وہاب ریاض نے کہاکہ گیند چمکانا فاسٹ بولرز کی پہلی ترجیح ہے، وہ گیند نہیں چمکائے گا تو سوئنگ کیسے کرے گا اور اگر بولرز سوئنگ نہیں کر سکے گا تو کیا کرے گا۔وہاب ریاض نے تھوک سے گیند کو چمکانے پر پابندی کے حوالے سے کہا کہ بولروں کے لیے یہ پابندی مشکل کا باعث بنے گی، لیکن کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے ایسا کرنا ہے تو بولروں کے لیے کچھ متبادل کی اجازت بھی دینی چاہیے، سن کریم ہو یا کچھ اور تاکہ گیند کو چمکایا جا سکے کیونکہ بولرز کا گیند کو چمکانا پہلی ترجیح ہے اور اس کے بغیر گزارا نہیں ہے، پسینہ تھوک کا نعم البدل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پسینے سے چمکانے کا فائدہ تو ہو گا لیکن اتنا نہیں جتنا تھوک سے ہوتا ہے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ گیند کو ڈس انفیکٹ کرنے کی بات ہو رہی ہے۔ لیکن اس کا پہلے تجربہ کرنا ہو گا، یہ دیکھنے کے لیے کہ گیند پر کیا اثر پڑتا ہے۔فاسٹ بولر نے کہا کہ فاسٹ بولرز کو تو سوئنگ کرنا ہوتی ہے اس کے لیے گیند کو چمکانا ضروری ہوتا ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے جشن منانے کے حوالے سے بھی گائیڈ لائنز بنائی جا رہی ہیں، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس سے فرق نہیں پڑے گا، ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملائیں گے یا گلے نہیں ملیں تو اس کا زیادہ مسئلہ نہیں ہے، کھلاڑی انفرادی طور پر خوشی کا اظہار کر سکتے ہیں جیسے فاسٹ بولر حسن علی اور شاہین شا ہ آفریدی کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 30/05/2020 - 00:07:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :