ٹینس اسٹار راجر فیڈر سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑی قرار

گزشتہ 12 مہینوں کے دوران سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کی کل آمدنی 106.3 ملین ڈالرز ہے، امریکی جریدہ

ہفتہ 30 مئی 2020 16:47

ٹینس اسٹار راجر فیڈر سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑی قرار
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر 17 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد آمدنی کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے کھلاڑی بن گئے۔معروف امریکی کاروباری جریدے فوربز نے سال بھر کے دوران سب سے زیادہ دولت کمانے والے عالمی ایتھلیٹس کی فہرست جاری کردی ہے۔کاروباری جریدے فوربز کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق سوئس ٹینس اسٹار اور 20 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن راجر فیڈر دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ایتھلیٹس کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

(جاری ہے)

فوربز کے مطابق گزشتہ 12 مہینوں کے دوران سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کی کل آمدنی 106.3 ملین ڈالرز ہے۔دوسری جانب سب سے زیادہ دولت کمانے والے عالمی ایتھلیٹس کی فہرست میں پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 105 ملین ڈالر کیساتھ دوسرے جب کہ لیونل میسی 104 ملین ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔خیال رہے کہ دونوں کھلاڑی گزشتہ 4 سال کی فہرست میں 3 مرتبہ ٹاپ فائیو میں رہ چکے ہیں۔فہرست میں برازیلین فٹ بالر نیمار مجموعی طور پر 95.5 ملین ڈالر کیساتھ چوتھے ،لاس اینجلس لیکرز کے این بی اے اسٹار لیبرون جیمز 88.2 ملین ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
وقت اشاعت : 30/05/2020 - 16:47:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :