انور مقصود کی پاکستانی کرکٹرز کی ناقص پرفارمنس پر شدید تنقید

میں کہتا ہوں کہ پی سی بی انگلش کرکٹرز سے بات کرے کہ میچ گراونڈ کے بجائے اپنے گھروں میں ہی رکھیں کیونکہ ہمارے قومی کرکٹرز گھروں میں بہت اچھا کھیلتے ہیں،معروف مزاح نگار

ہفتہ 30 مئی 2020 19:26

انور مقصود کی پاکستانی کرکٹرز کی ناقص پرفارمنس پر شدید تنقید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور ترین مزح نگار، شاعر، مصنف، ٹی وی میزبان اور مصور انور مقصود نے اپنے مداحوں کی جانب سے کیے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی کرکٹرز کی ناقص پرفارمنس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اسٹرنگز بینڈ کے رکن اور نامور کمپوزر و گلوکار بلال مقصود نے ایک بار پھر اپنے والد اور پاکستان مشہور ترین مزح نگار، شاعر، مصنف، ٹی وی میزبان اور مصور انور مقصود کے ساتھ سوال و جوابات کا سیشن رکھا اور اِس سیشن میں بھی انور مقصود نے اپنے مداحوں کے 10 سوالات کے جواب دیے۔

سوال و جواب سیشن کے راونڈ 2 کی ویڈیو بلال مقصود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کی۔بلال مقصود نے سوال و جواب کے راونڈ 2 کا آغاز کرتے ہوئے انور مقصود سے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے سوال کیا کہ ہمارے کھلاڑی کس طرح کی پرفارمنس دیں گی اس سوال کے جواب میں انور مقصود نے قومی کرکٹرز کی پرفارمنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران ہمارے کھلاڑی گھروں میں کرکٹ کھیل رہے ہیں اور میں ان کی بیٹنگ دیکھ کر حیران رہ گیا ہوں۔

(جاری ہے)

انور مقصود نے کہا کہ پہلی بار میں نے ہمارے کھلاڑیوں کو اتنی اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں کہ پی سی بی انگلش کرکٹرز سے بات کرے کہ میچ گراونڈ کے بجائے اپنے گھروں میں ہی رکھیں کیونکہ ہمارے قومی کرکٹرز گھروں میں بہت اچھا کھیلتے ہیں۔انور مقصود نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی جس طرح گھر میں کھیلتے ہیں ان کو کوئی بھی نہیں ہرا سکتا، یہ اپنی پرفارمنس سے تہلکہ مچا دیں گے۔

بلال مقصود کے دوسرے سوال کے جواب میں انور مقصود نے طنز و مزاح والے انداز میں پرویز خٹک پر تنقید کی۔گلوکار نے اپنے والد سے تیسرا سوال کیا کہ اب گرمیاں آگئی ہیں اور اس کے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ جائے گا تو اِس پر آپ کیا کہنا چاہیں گی انور مقصود نے اس سوال کا دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ جہاں نقصان ہے وہاں فائدہ بھی ہے، جیسے ہی بجلی جاتی ہے میں ٹیلیوژن کے سامنے بیٹھے جاتا ہوں اور پھر اپنا پسندیدہ پروگرام دیکھتا ہوں۔

اِس کے بعد بلال مقصود نے اپنے والد سے ریپیڈ فائر سوالات کیے جس کا جواب صرف ایک لفظ میں دینا ہوتا ہے۔بلال مقصود نے پوچھا غلام علی یا مہدی حسن انور مقصود نے کہا کہ مہدی حسن۔گلوکار نے پوچھا شیگی یا عالمگیر اِس سوال پر انور مقصود نے کہا کہ اِس کا جواب مشکل ہے۔اِس کے بعد بلال مقصود جب ملکہ ترنم نور جہاں کے بارے میں پوچھنے لگے تو انور مقصود نے کہا کہ نور جہاں کے ساتھ یا نہیں لگے گا ان کا مقابلہ کسی سے نہیں کیا جاسکتا۔

انور مقصود نے پوچھا پاکستان ترقی کب کرے گا جس پر ان کے والد نے کہا کہ پاکستان کا نام جرمنی رکھ دیں 2 سیکنڈ میں ترقی یافتہ ممالک میں آجائے گا۔گلوکار نے سوال کیا کہ آپ لکھائی میں کس سے متاثر ہوئے ہیں جس پر انور مقصود نے کہا کہ پطرس بخار ی جبکہ مصوری میں شاکر علی صاحب سے متاثر ہوا ہوں۔انور مقصود نے سیاست میں آنے کے حوالے سے سوال کیا تو انور مقصود نے کہا کہ ایک وقت تھا میری خواہش تھی کہ میں قائد اعظم کی مسلم لیگ دوبارہ بناوں لیکن حالات دیکھ کر یہ خیال دل سے نکال دیا۔

بلال مقصود نے پوچھا کہ کبھی کسی بات پر افسوس ہوا انور مقصود نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے اپنے ساتھی مصوروں کی پیٹنگز فروخت کی تھی جس پر آج تک شرمندگی ہوتی ہے۔آخری سوال کے جواب میں انور مقصود نے کہا کہ فلم بنانے کا بہت سالوں سے سوچ رہا ہوں اور ابھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر فلم بنانے کا سوچا ہے۔یاد رہے کہ اِس سے قبل بھی بلال مقصود نے انور مقصود کے ساتھ 10 سوال و جوابات کا ایک سیشن رکھا تھا۔
وقت اشاعت : 30/05/2020 - 19:26:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :