کرکٹ میں کورونا وائرس متبادل پلیئر کی اجازت طلب

انگلش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو درخواست دیدی ،ویسٹ انڈیز اور پاکستان کیخلاف سیریز میں پلیئرز تبدیل کرنیکی ضرورت کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 جون 2020 11:56

کرکٹ میں کورونا وائرس متبادل پلیئر کی اجازت طلب
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جون 2020ء ) انگلش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے کورونا وائرس متبادل پلیئر کی اجازت طلب کر لی ہے ،ویسٹ انڈیز اور پاکستان کیخلاف آئندہ سیریز میں پلیئرز تبدیل کرنے کی ضرورت کا امکان موجود ہے ، فی الحال گورننگ باڈی سر پر ضرب کھانے والے کی جگہ دوسرا پلیئر دیتی ہے ،ای سی بی کے ڈائریکٹر آف ایونٹس سٹیو ایلورتھی کا کہنا ہے کہ ای سی بی نے اگرچہ بائیو سکیور وینیوز کی مربوط منصوبہ بندی کی ہوئی ہے تاہم جولائی میں شیڈول مذکورہ ٹیسٹ میچز سے قبل معاہدہ ہونے کی قوی امید ہے ۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے مستقبل قریب میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچز کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ پلیئرز کا متبادل دینے کی اجازت طلب کرلی ہے کیونکہ عالمی وبا کے دوران ہونے والے میچز میں کسی بھی کھلاڑی کے اچانک بیمار ہو جانے کا امکان موجود ہے ۔

(جاری ہے)

فی الحال آئی سی سی سر پر ضرب کھانے والے کھلاڑی کیلئے متبادل فراہم کرتی ہے جو باہر جانے والے پلیئر کی جگہ معمول کے مطابق باؤلنگ اور بیٹنگ بھی کر سکتا ہے اور ای سی بی حکام چاہتے ہیں کہ اسی طرح کورونا وائرس کے دوران بھی کھلاڑی تبدیل کرنے کی باضابطہ اجازت دی جائے البتہ اس حوالے سے کسی طریقہ کار کی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ بیمار کھلاڑی کو ٹیسٹ کے عمل سے گزارا جائے گا ۔

ای سی بی کے ڈائریکٹر آف ایونٹس سٹیو ایلورتھی کے مطابق آئی سی سی کے نکتہ نظر سے کورونا وائرس متبادل کے بارے میں تحفظات ہو سکتے ہیں البتہ اس حوالے سے اتفاق اور رضامندی کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تبدیلی خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں کی جائے گی جس میں کھلاڑی پانچ روز تک میدان میں موجود رہتے ہیں اور ان کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہٰذا امید ہے کہ جولائی میں شروع ہونے والے میچوں سے قبل اس اعتبار سے کوئی پیشرفت ضرور کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے مربوط منصوبہ بندی کے تحت کھلاڑیوں کو بائیو سکیور وینیوز پر کھلانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم حادثاتی طور پر کسی بھی مشکل سے نبرد آزما ہونے کیلئے متبادل پلیئر کا آپشن طلب کیا جا رہا ہے جس کی ویسٹ انڈیز اور پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ضرورت محسوس ہو سکتی ہے ۔
وقت اشاعت : 01/06/2020 - 11:56:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :