بھارتی باکسر ڈینگ کوسنگھ کورونا وائرس کا شکار

ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ باکسر جگر کے کینسرکا علاج کرانے نئی دہلی گئے تھے ،ہسپتال میں معائنے پر انکا ٹیسٹ مثبت آیا ،وہ علاج سے ٹھیک ہوگئے البتہ منی پور واپسی پر وبا نے انہیں دوبارہ جکڑ لیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 جون 2020 11:55

بھارتی باکسر ڈینگ کوسنگھ کورونا وائرس کا شکار
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جون 2020ء ) ایشین گیمز1998ء میں بھارتی گولڈ میڈلسٹ باکسر ڈینگ کو سنگھ دوبارہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ 41 سالہ سابق باکسر جگر کے سرطان کا علاج کرانے نئی دہلی گئے تھے جہاں ہسپتال میں معائنے پر ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تاہم وہ علاج سے ٹھیک ہوگئے تھے البتہ منی پور واپسی پر مہلک وباء نے انہیں دوبارہ جکڑ لیا۔

یاد رہے کہ بھارت کورونا وائرس سے شدید متاثرہونے والے ممالک میں شامل ہے اور اب یہاں ہلاکتوں کی تعداد دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین سے زیادہ ہوگئی ہے۔بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 175 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔بھارت میں ہلاکتوں میں اضافے کے بعد مجموعی تعداد 4 ہزار 706 ہوگئی ہے جو گزشتہ برس دسمبر میں سب سے پہلے کورونا کاشکار ہونیوالے چین سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بھارت کورونا وائرس کا نیا مرکز بنتا جارہا ہے جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جبکہ ملک میں ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں اور گنجائش سے زائد مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور مزید 7 ہزار 466 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 799 ہوگئی ہے۔ریاست مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں معاشی حب ممبئی میں مجموعی کیسز کا 36 فیصد اور 42 فیصد اموات ہوچکی ہیں۔
وقت اشاعت : 02/06/2020 - 11:55:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :