سپورٹس ڈیسک

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹیسٹ میچز جولائی میں کھیلے جائیں گے ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 جون کو برطانیہ پہنچ جائے گی جس کے بعد ان کو تین ہفتے کے لیے قرنطینہ کر دیا جائے گا،ای سی بی کا اعلان

بدھ 3 جون 2020 02:05

لندن ۔ 2 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جولائی میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ تین ٹیسٹ سیریز کھیلے گی، اس بات کا اعلان انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے کیا ہے،منگل کو کیے گئے اعلان کے مطابق انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ سائوتھمپٹن ایجز باول میں 8 سے 12جولائی کے درمیان ہو گا جبکہ ان کے مابین دوسری اور تیسری ٹیسٹ سیریز مانچسٹر کے ایماریٹس اولڈ ٹارفورڈ میں بالترتیب 16 تا 20 جولائی اور 24 تا 28 جولائی 2020 کھیلی جائے گی۔

یہ سیریز پہلے رواں ماہ جون میں کھیلنا طے پائی گئی تھی تاہم کورونا وباء کی صورتحال کے باعث اس کا شیڈول کے تحت انعقاد روک دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 جون کو برطانیہ پہنچ جائے گی جس کے بعد ان کو اولڈ ٹریڈ فورڈ میں تین ہفتے کے لیے قرنطینہ کر دیا جائے گا جہاں ٹریننگ اور قرنطینہ عرصہ مکمل کرنے کے بعد وہ سائوتھمپٹن روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

ای سی بی کے مطابق یہ سیریز پہلے لندن کے مقام اوول ،لارڈز اور ایجباسٹن میں کھیلی جانی تھی تاہم بائیو سیکیورٹی کے تحت ان کو دوسرے مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جہاں گرائونڈز کے ساتھ ہی کھلاڑیوں کے لیے ہوٹلز دستیاب ہیں اور ان کی کووڈ 19کے لیے نگرانی آسان ہے۔یاد رہے کہ ای سی بی نے کرکٹ کے برطانوی کھلاڑیوں کے لیے مارچ میں 61 ملین پائونڈ کے امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا۔
وقت اشاعت : 03/06/2020 - 02:05:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :