ورلڈ کپ فاتح لیام پلنکٹ امریکی ٹیم کی نمائندگی کیلئے پلاننگ کرنے لگے

35 سالہ انگلش پیسر کو انگلینڈ کے 55رکنی ٹریننگ اسکواڈ میں نظر انداز کردیا گیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 جون 2020 11:49

ورلڈ کپ فاتح لیام پلنکٹ امریکی ٹیم کی نمائندگی کیلئے پلاننگ کرنے لگے
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 جون 2020ء ) انگلش پیسر لیام پلنکٹ نے امریکی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے کیونکہ انہیں حال ہی میں اعلان شدہ انگلینڈ کے 55 رکنی ٹریننگ سکواڈ میں بھی جگہ نہیں مل سکی تھی۔گزشتہ برس ورلڈ کپ 2019ء کے فائنل میں تین وکٹیں لے کر انگلش ٹیم کو ٹائٹل فتح دلانے والے 35 سالہ لیام پلنکٹ کو تاحال کسی بھی سطح کی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا لہٰذا مایوسی کے عالم میں انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کی اہلیہ امریکی ہیں تاہم انہیں گزشتہ برس ون ڈے کرکٹ کا استحقاق حاصل کرنے والے نئے ملک کی نمائندگی کیلئے تین سالہ رہائشی اہلیت مکمل کرنی ہوگی۔

لیام پلنکٹ کے مطابق انہیں امریکا جا کر کم از کم کسی بھی سطح کی کرکٹ کھیلنے کا موقع مل جائے گا جبکہ ان کے بچے چونکہ امریکی ہوں گے لہٰذا انہین یہ بتانا قابل فخر ہوگا کہ انہوں نے انگلینڈ اور امریکا کیلئے کرکٹ کھیلی ہے ۔

(جاری ہے)

انگلش پیسر کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے تعلق کی وجہ سے وہ ہمیشہ برطانوی رہیں گے لیکن مکمل فٹنس کے ساتھ انہیں بلند معیار پر کھیلنے کا موقع میسر آتا ہے تو وہ اس کا فائدہ کیوں نہ اٹھائیں۔لیام پلنکٹ کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ امریکا جانے میں کامیاب ہوئے اور انہیں شہریت کے حصول کے ساتھ گرین کارڈ بھی مل گیا تو اس طرح انہیں نوجوان امریکی کرکٹرز کی رہنمائی کا بھی موقع مل جائے گا کیونکہ بہرحال انہیں وہاں سرفہرست انگلش پلیئر کے درجے پر بھی دیکھا جائے گا۔
وقت اشاعت : 03/06/2020 - 11:49:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :