وسیم اکرم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بند دروازوں میں کروانے کے مخالف

عالمی کپ جیسا ایونٹ شائقین کے بغیر کرانے کا آئیڈیا ہرگز اچھا نہیں ہے :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 6 جون 2020 13:52

وسیم اکرم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بند دروازوں میں کروانے کے مخالف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6جون 2020ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بند دروازوں میں انعقاد کے مخالف سابق قومی کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ عالمی کپ جیسا ایونٹ شائقین کے بغیر کرانے کا آئیڈیا ہرگز اچھا نہیں کیونکہ میگا ایونٹس شائقین کی بڑی تعداد کے باعث ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں تماشائیوں کی موجودگی ایک مخصوص ماحول بناتی ہے جس کا خالی میدانوں میں کوئی امکان نہیں ہے ۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر وہ بند دروازوں کی کرکٹ کو بہتر آئیڈیا نہیں سمجھتے کیونکہ دنیا بھر کے شائقین اپنی ٹیموں کی حمایت کیلئے میدانوں تک پہنچتے ہیں جن کے بغیر ورلڈ کپ کا تصور بھی ممکن نہیں ہے کیونکہ بند دروازوں میں وہ ماحول ہی نہیں بن سکے گا جس کے کھلاڑی عادی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے مناسب وقت کا انتظار کرنا چاہئے جب عالمی وباء میں کمی واقع ہو جائے اور حالیہ پابندیوں میں نرمی کردی جائے کیونکہ اسی صورت میں ورلڈ کپ کا شایان شان انعقاد ممکن ہو سکتا ہے ۔

وسیم اکرم نے گیند کو چمکانے کیلئے تھوک پر پابندی کے بعد اس کا بہترین متبادل تلاش کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بالرز اس فیصلے کو آسانی سے قبول نہیں کر سکیں گے جو گیند پر پسینہ لگا سکتے ہیں لیکن اس کا وہ تاثر سامنے نہیں آسکے گا کیونکہ بہت زیادہ پسینہ لگانے سے گیند زیادہ گیلی ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ گورننگ باڈی اس کا فوری قابل عمل متبادل تلاش کرے تاکہ بالرز کو درپیش مشکلات میں کمی آسکے۔
وقت اشاعت : 06/06/2020 - 13:52:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :