حکومت ملک میں دیگر کھیلوں کی طرح ٹیک بال کے کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات کرے، طیب محمود چھٹہ

ہفتہ 6 جون 2020 14:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل طیب محمود چھٹہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں دیگر کھیلوں کی طرح ٹیک بال کے کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات کرے۔ گزشتہ روز’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیک بال کا کھیل ہنگری کا مشہور کھیل ہے اور ملک میں ٹیک بال کا کھیل آہستہ آہستہ مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے لیکن حکومت کی طرف سے اس کھیل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

طیب چھٹہ نے کہا کہ ملک میں پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ٹیک بال کے کھیل کے فروغ کے لئے دو اکیڈمیز اسلام آباد اور پشاور میں کام کر رہی ہیں۔ اکیڈمیز میں مرد اور خواتین کو تربیت دی جا رہی ہے۔ ملک میں وبائی بیماری کے باعث موجودہ حالات میں تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

لاک ڈائون ختم ہوتے ہی دوبارہ اکیڈمیز میں تربیت دینی شروع کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں ملک کے دوسرے مقامات پر بھی اکیڈمیز قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیک بال کے کھیل کے فروغ کے لئے ہنگری کے سفیر نے بھی ایک ملاقات کے دوران اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹیک بال چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وقاقی دارالحکومت کے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیک بال فیڈریشن ملک میں کورونا وائرس کی وباء ختم ہوتے ہی اس کھیل کو تعلیمی اداروں میں متعارف کروانے کے انتظامات کرے گی جس کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئی ہیں۔ کورونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وبا کے باعث پوری دنیا پریشان ہے اور لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں اور اپنے آپ کو کورونا وائرس کی وباء سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔
وقت اشاعت : 06/06/2020 - 14:49:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :