پنجاب پولیس گالف ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی سے سی پی او میں ملاقات

دوران سروس مختلف کھیلوں میں کامیابیاں حاصل کرنے والے پولیس کے سپورٹس مین محکمے کا قابل فخرسرمایہ ہیں آئندہ مقابلوں میں کامیابیوں کا سفر جاری رکھنے کیلئے کھلاڑی مزید محنت اور باقاعدگی کے ساتھ پریکٹس جاری رکھیں ‘ انعام غنی

ہفتہ 6 جون 2020 17:36

پنجاب پولیس گالف ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی سے سی پی او میں ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2020ء) ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ انعام غنی نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت اور ویژن کے مطابق پولیس فورس میں موجود کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور سرپرستی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ یہ باصلاحیت کھلاڑی مزید بہتر نتائج اور شاندار کامیابیوں سے پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے کیلئے کوشاں رہیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس گالف ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر محکمے کی نمائندگی کرتے ہوئے ماضی میں اہم کامیابیاں حاصل کیں جبکہ یہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کارلاتے ہوئے گالف کے میدان میں نوجوان کھلاڑیوں کو راہنمائی اور کوچنگ بھی فراہم کرتے ہیں جو اس کھیل کے فروغ کیلئے نہایت خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ آئندہ مقابلوں کی تیاری کیلئے وہ بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھیں اور اپنی پوری توجہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل کرنے پر مرکوز رکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںپنجاب پولیس گالف ٹیم میں شامل کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔ کھلاڑیوں میں لیڈی انسپکٹر شہزادی گلفام، سب انسپکٹر محمد جاوید ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد سلطان ، ٹریفک وارڈن بابر علی ، کانسٹیبل محمد جمشید(ڈولفن پولیس) اور کانسٹیبل غلام قادر (ڈولفن پولیس) شامل تھے جوبین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی گالف ٹورنامنٹس میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت کرکے مختلف کامیابیاں سمیٹتے رہے ہیں جن میں نیشنل چیمپئین شپ پاکستان گالف،ونر آف سری لنکن چمپئن شپ،اسلام آباد چمپئن شپ، فیصل آباد گالف ٹورنامنٹ، نیشنل گیمز،جمخانہ چمپئن شپ،پاکستان اوپن گالف چمپئن شپ اور گریژن گالف چمپئن شپ سمیت متعدد نیشنل و انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان اور پنجاب پولیس کی نمائندگی شامل ہے ۔

کھلاڑیوں نے دوران ملاقات اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔
وقت اشاعت : 06/06/2020 - 17:36:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :