متحدہ عرب امارات کی آئی پی ایل کی میزبانی کیلئے رال ٹپکنے لگی

بھارتی کرکٹ بورڈ چاہے تو اکتوبر،نومبر میں آئی پی ایل کی میزبانی کیلئے تیار ہیں:مشیر اماراتی کرکٹ بورڈ سبحان احمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 جون 2020 13:32

متحدہ عرب امارات کی آئی پی ایل کی میزبانی کیلئے رال ٹپکنے لگی
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جون 2020ء ) آئی پی ایل کی بیش قیمت میزبانی کیلئے یو اے ای کی رال ٹپکنے لگی جس نے تصدیق کردی ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے باعث ایونٹ کو بیرون ملک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تو آگے بڑھ کر میزبانی کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی حکام میں آئی پی ایل کیلئے مناسب وینیو کے انتخاب پر رائے منقسم ہے البتہ یہ امکان واضح ہے کہ رواں برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی کیا گیا تو بھارتی لیگ کو از خود ہی مناسب ونڈو مل جائے گی۔

ماضی میں بھارت میں ہونے والے انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کو 12 سالہ تاریخ میں 2 مرتبہ ملک سے باہر منتقل کیا گیا جس میں سے ایک بار اس کا مکمل طور پر انعقاد جنوبی افریقہ میں کیا گیا جب کہ 2014ء میں آئی پی ایل کے ابتدائی مرحلے کے میچز یو اے ای میں کھیلے گئے تھے اور اس بار بھی اسی بنیاد پر امارات کے کرکٹ حکام میزبانی کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

امارات کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکرٹری مبشر عثمانی کا کہنا ہے کہ ماضی سے اب تک ان کا مختلف ٹورنامنٹس اور باہمی سیریز کی میزبانی کا ریکارڈ بہترین رہا ہے اور اپنے بہترین سٹیڈیمز پر وہ کسی بھی طرز کی کرکٹ کا عمدگی سے انعقاد کر سکتے ہیں۔ امارات کرکٹ بورڈ کے مشیر سبحان احمد نے کہاکہ یو اے ای میں 2014ءمیں ہونے والے آئی پی ایل کے مقابلے بھرپور توجہ کا مرکز بنے تھے، اگر اس بار بھی بی سی سی آئی اپنی لیگ کے میچز امارات میں کرانا چاہے تو ہمارے انٹرنیشنل معیار کے وینیوز دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں برصغیر سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی بہت بڑی تعداد موجود ہے، سٹیڈیمز میں رونقیں بھی کم محسوس نہیں ہوں گی، نومبر، دسمبر میں یو اے ای کا خوشگوار موسم بھی کرکٹ کیلئے سازگار ہوگا۔
وقت اشاعت : 11/06/2020 - 13:32:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :