سرفراز احمد ٹی ٹونٹی میچز کیلئے پہلا اور ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرا انتخاب ہوںگے: راشد لطیف

یونس خان کا بطور بیٹنگ کوچ تقرراچھا فیصلہ ،وہ لمبی ریس کے گھوڑے ہیں، جونیئر سے لیکر قومی ٹیم تک پاکستانی کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 جون 2020 13:44

سرفراز احمد ٹی ٹونٹی میچز کیلئے پہلا اور ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرا انتخاب ہوںگے: راشد لطیف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جون 2020ء ) راشد لطیف نے دورہ انگلینڈ کو پاکستان ٹیم کا مشکل امتحان قرار دے دیا۔ ایک انٹرویومیں راشد لطیف نے کہاکہ دورئہ انگلینڈ کے لیے منتخب کرکٹرز کی تعداد کچھ زیادہ ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں تھوڑا مارجن دینا چاہیے،خدانخواستہ اگرکسی کا ٹیسٹ مثبت آگیا تو متبادل کا انتظام ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ دورئہ انگلینڈ ایک مشکل امتحان ہوگا، پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں ہم کچھ نہیں کہہ سکتے، اس بار لندن کے لارڈز اور اوول گراؤنڈ میں کوئی میچ شیڈول نہیں ہے، ماضی میں وہاں کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے سازگار رہی ہیں،اس بار مصباح الحق اور یونس خان جیسے تجربہ کار بیٹسمینوں کی خدمات بھی میسر نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یونس خان کا بطور بیٹنگ کوچ تقرر ایک اچھا فیصلہ ہے،وہ میدان میں کام کرنے والے انسان اور بہت محنتی ہیں، جونیئر کوچ کے طور پرخدمات حاصل نہ کرنا پی سی بی کی غلطی تھی، میرے خیال میں ان کا طویل مدت کے لیے تقرر کیا جانا چاہیے، وہ لمبی ریس کے گھوڑے ہیں، جونیئر سے لے کر قومی ٹیم تک پاکستانی کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔

سابق سٹارز پرمشتمل بھاری بھرکم مینجمنٹ کے باہمی اختلافات کا خطرہ ہونے کے سوال پر راشد لطیف نے کہا کہ بڑی مشکل سے کوئی ٹور آ رہا ہے، یہ سب ایک دوسرے کے ساتھ کھیلے ہوئے یا کام کر چکے ہیں، نوکری تو کرنا پڑتی ہے، امید ہے کہ کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، مصباح الحق اور یونس خان کی جوڑی بیٹنگ میں قومی ٹیم کے لیے پرفارم کرتی رہی ہے، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر کے رویے میں بھی لچک ہے،وہ دروازے بند نہیں کرتے،دونوں کی بیٹنگ کی طرح کوچنگ میں بھی اچھی شراکت پاکستان کرکٹ کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد میرے خیال میں ٹی ٹونٹی میچز کے لیے پہلا جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد رضوان کے بعد دوسرا انتخاب ہوں گے، مشکل صورتحال ہے کہ پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے والا کپتان اب بینچ پر بیٹھا ہوگا، مگر سرفراز احمد فائٹ کرے گا، میرے خیال میں اگر وکٹ کیپر بیٹسمین ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل جاتے تو اچھا ہوتا لیکن شاید چارٹرڈ طیارے کی وجہ سے روانہ ہونا پڑے گا۔
وقت اشاعت : 22/06/2020 - 13:44:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :