بنگلہ دیش کا دورہ سری لنکا تیاری نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا

جمعرات 25 جون 2020 12:51

بنگلہ دیش کا دورہ سری لنکا تیاری نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2020ء) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر بنگلہ دیش کا دورہ سری لنکا تیاری نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں اموات کی تعداد لاکھوں میں چلی گئی ہے۔ کورونا نے جہاں پوری دنیا کو متاثر کیا ہے وہاں کھیلوں کی تمام سرگرمیوں کو بھی نقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

کووڈ۔19 وبائی بیماری کی وجہ سے تیاری نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے بنگلہ دیش کا دورہ سری لنکا کو باہمی منصوبہ بندی کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بنگلہ دیش نے جولائی میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنا تھی لیکن موجودہ حالات میں جاری کووڈ۔

(جاری ہے)

19 بحران کی وجہ سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ایس ایل سی کو آگاہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کے لئے بین الاقوامی کرکٹ سیریز میں حصہ لینے کے لئے ابھی تک سازگار ماحول نہیں ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں تاہم اور اس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین اکرم خان نے اس سیریز کے اصل شیڈول کے مطابق کھیلے جانے کے کم امکان کو تسلیم کیا تھا۔ اکرم نے کہا کہ ہم نے کچھ کھلاڑیوں سے ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے بات کی تھی لیکن انہوں نے ابھی تک اس دورے کے لئے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سری لنکا کے طے شدہ مقررہ وقت پر شروع ہونے والے دورے کے بارے میں امکانات بہت کم ہیں۔ واضح رہے کہ اس ہفتے کے شروع میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرافی مرتضیٰ اور بنگلہ دیش کے سابق اوپنر نفیس اقبال کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ بنگلہ دیش میں حال ہی میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، دنیا بھر میں 9.24 ملین سے زیادہ افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/06/2020 - 12:51:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :