دورہ انگلینڈ : ذیشان اشرف اور جنید خان کی ٹیم میں شمولیت متوقع

سلیکشن کمیٹی کا ممکنہ متبادل پلیئرز پر غور،مصباح الحق فیصلہ کریں گے :ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 جون 2020 13:19

دورہ انگلینڈ : ذیشان اشرف اور جنید خان کی ٹیم میں شمولیت متوقع
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جون 2020ء ) انگلش ٹور کیلئے بیٹسمین ذیشان اشرف اور فاسٹ بائولر جنید خان کی ٹیم میں شمولیت متوقع ہے کیونکہ سلیکشن کمیٹی نے کورونا وائرس کی صورتحال میں ممکنہ متبادل پلیئرز کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے تاہم حتمی فیصلہ چیف سلیکٹر مصباح الحق کریں گے ۔پی سی بی کی جانب سے تصدیق کے بعد کہ انگلینڈ ٹور کیلئے منتخب دس پاکستانی کھلاڑیوں کی کورونا وائرس رپورٹ مثبت آگئی ہے قومی سلیکشن کمیٹی نے متبادل پلیئرز کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے ۔

سلیکٹرز اگرچہ سکواڈ کا اعلان کرتے وقت چار کھلاڑیوں بلال آصف، عمران بٹ،موسیٰ خان اور محمد نواز کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کر چکے تھے تاکہ کورونا وائرس ٹیسٹ میں ناکامی کی صورت میں فوری متبادل مل جائے لیکن موجودہ صورتحال میں مزید کھلاڑیوں کی ضرورت کے پیش نظر اوپننگ بیٹسمینوں ذیشان ملک اور سمیع اسلم کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل، ذیشان اشرف اور روحیل نذیر کو قابل غور سمجھا جا رہا ہے جو بطور متبادل ٹیم کے ساتھ روانہ کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بائولنگ کے شعبے میں جنید خان،احسان عادل اور تابش خان کے نام زیر غور ہیں۔واضح رہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے چیف سلیکٹر مصباح الحق کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ متبادل پلیئرز سے متعلق حتمی فیصلہ کر سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/06/2020 - 13:19:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :