پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں برس نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی

سیزن کا آغاز اکتوبر کے وسط میں ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 جون 2020 11:51

پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں برس نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی
ویلنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون 2020ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے رواں سال نومبر کے بعد پاکستان سمیت 4 ممالک کی ٹیموں کی میزبانی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے رواں سال نومبر کے بعد پاکستان ،ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی ٹیم کیخلاف سیریز کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔ ان تمام ٹیموں کیخلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان 17 جولائی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈیوڈ وائٹ نے رواں سال مکمل انٹرنیشنل سیزن کے انعقاد کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنے طور پر تمام ممالک سے بات چیت مکمل کر لی ہے۔ ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں 2، 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلیں گی جبکہ سیریز میں مختصر دورانئے کے میچز بھی شامل ہیں اور اس حوالے سے تمام معلومات جلد ہی مہیا کر دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آئندہ برس کے آغاز پر ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا میلہ بھی یہیں سجے گا۔ شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلیے نیوزی لینڈ بورڈ کو آئی سی سی کی جانب سے مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔                                                                                                                                                                                               
وقت اشاعت : 26/06/2020 - 11:51:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :