پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا آن لائن شیڈو اوپن باکسنگ اینڈ فٹنس چیلنجز 2020ء کے مقابلوں کے لئے دو جیوریز کمیٹیوں کا اعلان

جمعہ 26 جون 2020 21:31

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا آن لائن شیڈو اوپن باکسنگ اینڈ فٹنس چیلنجز 2020ء کے مقابلوں کے لئے دو جیوریز کمیٹیوں کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2020ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے آن لائن شیڈو اوپن باکسنگ اینڈ فٹنس چیلنجز 2020ء کے مقابلوں کے لئے دو جیوریز کمیٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ نے بتایا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن صدر چوہدری محمد خالد محمود نے دونوں جیوریز کمیٹیوں کے ناموں کی منظوری دے دی۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں نتائج تیار کرنے کے لئے دو جیوریز کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں جن میں پرائمری جیوری اور فائنل جیوری شامل ہے۔ پرائمری جیوری کمیٹی حفیظ آغا (بلوچستان) کی سربراہی میں ہوگی، دیگر ممبران میں علی بخش(سندھ)، ارشد حسین (خیبر پختونخوا)، عبدالرشید (پاکستان آرمی)، ساجد راجہ (پاکستان ایئر فورس)، لیاقت مغل (پاکستان نیوی)، محمد طارق (پاکستان واپڈا) اور بشیر شجاع (پنجاب) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح فائنل جیوری کمیٹی یونس پٹھان (چیئرمین ریفری اینڈ ججز) کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے جبکہ دیگر ممبران میں ارشد جاوید قریشی (آئیبا ریفری)، اسلم قریشی (آئیبا ریفری)، سید کمال خان (خیبر پختونخوا) اور چوہدری عبدالحق (پنجاب) شامل ہیں جبکہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ دونوں کمیٹیوں کے رکن/سیکرٹری ہوںگے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث کوئی بھی کھیلوں کے مقابلے منعقد نہیں ہو رہے ہیں جس پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن صدر چوہدری محمد خالد محمود کی خصوصی ہدایت پر آن لائن شیڈو اوپن باکسنگ اینڈ فٹنس چیلنجز 2020ء کے مقابلوں کا انعقاد پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیراہتمام کیا گیا تاکہ کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس کو بحال رکھنے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کا بہت کامیاب انعقاد ہوا اور مقابلوں میں ملک بھر کے دور دراز دیہی اور شہری علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں بھر پور انداز میں حصہ لیا، جن میں کئی نئے کم عمر ڈیڑھ سو کھلاڑیوں کے ویڈیو کیلپ کم وقت میں بھیجے اور کئی ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر مسترد کر دیئے گئے ہیں کیونکہ ان نئے کھلاڑیوں کو ان مقابلوں کے قوانین کے بارے میں زیادہ معلومات حاصل نہیں تھیں اس لئے ان کے ویڈیو کیلپس مسترد کئے گئے ہیں۔

امید ہے کہ آئندہ ایونٹس میں ان نوجوان کم عمر کھلاڑیوں کی کارکردگی کافی بہتر ہوگی۔ ایونٹ کے دوران پانچ سو ویڈیو کیلپس موصول ہوئے جن میں سے ساڑھے تین سو کے قریب کھلاڑیوں کے ویڈیو کیلپ معیار کے مطابق ہیں ان میں سے پرائمری جیوری کمیٹی ہر کیٹگریز سے ٹاپ دس دس کھلاڑیوں کا چناؤ کرے گی جس کے بعد فائنل جیوری کمیٹی ان کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرکے ٹاپ تین تین کھلاڑیوں کا ہر کیٹگریز سے فائنل نتائج کا اعلان کرے گی۔ واضح رہے کہ ایونٹ میں تین کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے تھے جن میں کیڈٹ انڈر15، یوتھ 19 اور ایلیٹ انڈر40 کے مقابلے شامل تھے۔ کلب سطح کا شیڈو ٹیسٹ 45 سیکنڈ سے ایک منٹ تک تھے جبکہ فٹنس کے چار مختلف ٹیسٹ جوکہ 90 سیکنڈ سے دو منٹ کے تھے۔
وقت اشاعت : 26/06/2020 - 21:31:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :