کورونا پازیٹو کرکٹرز کو انگلینڈ جانے کیلئے 2 منفی نتائج درکار

علامات نہ ہونے کے باعث ان کی جلد صحتیابی کے امکانات واضح ہیں: وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 جون 2020 13:47

کورونا پازیٹو کرکٹرز کو انگلینڈ جانے کیلئے 2 منفی نتائج درکار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جون 2020ء ) چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ کورونا پازیٹو کرکٹرز کو انگلینڈ جانے کیلئے دو منفی نتائج درکار ہوں گے جن کی جلد صحتیابی کے امکانات اس وجہ سے واضح ہیں کہ ان میں مرض کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔پی سی بی کے مطابق بدھ کو چار ریزرو کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے جن میں سے عمران بٹ کا نتیجہ مثبت جبکہ بلال آصف،موسیٰ خان اور محمد نواز کا رزلٹ منفی آیا ہے ۔

پہلے مرحلے میں جن دس کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا ان کی ری ٹیسٹنگ کے بعد فخر زمان،محمد حسنین،محمد حفیظ،محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض کا نتیجہ منفی آیا ہے جن کو آئندہ ہفتے تیسری مرتبہ ٹیسٹنگ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا اور اگر اس بار بھی ان کھلاڑیوں کے نتائج منفی آئے تو انہیں انگلینڈ بھیجنے کے انتظامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چار کھلاڑیوں حارث رؤف، حیدرعلی، کاشف بھٹی اور عمران خان کے علاوہ ٹیم کے آفیشل مساجر ملنگ علی کا دوسری مرتبہ ٹیسٹنگ میں بھی نتیجہ مثبت آیا ہے لہٰذا چاروں پلیئرز اور مساجر کو بیٹسمین عمران بٹ سمیت فوری طور پر سخت قرنطینہ کی ہدایت کردی گئی ہے جن کی ماضی کی طرح پی سی بی کا میڈیکل پینل دیکھ بھال اور مدد کرتا رہے گا۔پی سی بی کے مطابق آئسولیشن کا عرصہ مکمل کرنے پر ان کے دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے۔
وقت اشاعت : 28/06/2020 - 13:47:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :